پتور : آر ایس ایس سے تعلق رکھنے والے کلڈکا پربھاکر بھٹ کے خلاف مذہبی منافرت ، خواتین کی توہین اور عوامی امن و امان کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یہ مقدمہ پتور تعلقہ کی رہائشی ایشوری پدمونجا کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر قائم کیا گیا۔ شکایت کنندہ کے مطابق 20 اکتوبر کو اپالیج میں منعقدہ “دیپوتسوا” پروگرام کے دوران پربھاکر بھٹ نے اپنی تقریر میں ایسے تبصرے کیے جن سے ہندو اور مسلم برادریوں کے درمیان مذہبی منافرت پیدا ہونے کا خدشہ تھا۔
شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ بھٹ نے تقریر کے دوران دونوں برادریوں کی آبادی کے تناسب پر اشتعال انگیز انداز میں گفتگو کی، اور ایسے جملے استعمال کیے جو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
یہ تقریر مبینہ طور پر “کہلے نیوز” یوٹیوب چینل پر نشر بھی کی گئی تھی۔ شکایت کی بنیاد پر پتور دیہی پولیس اسٹیشن نے 25 اکتوبر کو جرم نمبر 118/2025 کے تحت پربھاکر بھٹ اور پروگرام کے منتظمین کے خلاف بھارتیہ نیا سنہتا (BNS) کی دفعات 79، 196، 299، 302، اور 3(5) کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ اس طرح کے بیانات کے لیے پربھاکر مشہور ہیں اور کئی مرتبہ ان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی یہ اپنے زہریلی بیان بازی سے باز نہیں آتے ہیں۔ اب دیکھنا ہے کہ پولیس اس سلسلہ میں کیا کارروائی کرتی ہے۔




