آن لائن ٹریڈنگ کے نام پر فریب، فیس بک دوستی کے بعد نوجوان 32 لاکھ سے محروم

منگلورو (فکروخبر نیوز) فیس بک پر دوستی کے بعد آن لائن ٹریڈنگ کے نام پر منگلورو کے ایک شخص کے ساتھ 32 لاکھ روپے سے زائد کا سائبر فراڈ پیش آیا ہے۔ 35 سالہ متاثرہ شخص نے پولیس کو شکایت درج کراتے ہوئے بتایا کہ ایک خاتون نے اسے منافع کا لالچ دے کر بڑی رقم سے محروم کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق متاثرہ شخص کو 10 ستمبر کو کاویہ شیٹی نامی خاتون کی جانب سے فیس بک پر فرینڈ ریکویسٹ موصول ہوئی تھی۔ درخواست قبول کرنے کے بعد دونوں کے درمیان واٹس ایپ پر بات چیت شروع ہوئی۔ شیٹی نے خود کو ممبئی میں ٹریڈنگ کے شعبے سے وابستہ ایک ماہر کے طور پر متعارف کراتے ہوئے متاثرہ شخص کو آن لائن سرمایہ کاری کے لیے آمادہ کیا۔

خاتون نے اسے h5.capdynglobal.org  نامی ویب سائٹ کا لنک بھیجا اور وہاں رجسٹریشن کے لیے کہا۔ متاثرہ شخص نے اپنی ذاتی تفصیلات درج کر کے اکاؤنٹ بنایا اور ابتدائی طور پر 40,000 روپے کی سرمایہ کاری کی۔ حیرت انگیز طور پرکچھ ہی دنوں میں اس کے اکاؤنٹ میں 9,504 روپے منافع کے طور پر دکھائے گئے، جس کے بعد اس نے مزید سرمایہ کاری شروع کر دی۔

بعد میں متاثرہ نے 2 لاکھ روپے مزید جمع کرائے جس پر اسے  23,760 روپے لوٹائے گیے جس سے اسے پلیٹ فارم پر اعتماد بڑھ گیا۔ 13 ستمبر سے 24 اکتوبر کے درمیان، اس نے مختلف بینک اکاؤنٹس میں UPI، IMPS، اور RTGS کے ذریعے مجموعی طور پر 32,06,880  روپے منتقل کیے۔

کچھ وقت بعد جب ویب سائٹ سے رابطہ منقطع ہوگیا اور شیٹی کا فون بند پایا گیا تو متاثرہ کو احساس ہوا کہ وہ بڑے فراڈ کا شکار ہو چکا ہے۔

واقعے کے بعد سی ای این پولیس اسٹیشن، منگلورو میں سائبر فراڈ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور فراڈ میں ملوث افراد کی تلاش جاری ہے۔

ریلز کا نشہ نہیں نوجوانوں کو روزگار چاہئے : راہل گاندھی وزیراعظم پر حملہ آور

ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ 20 نومبر کو 6 گھنٹے کے لیے رہے گا بند