دو ماہ کے اندر نوئیڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ پر  پروازیں ہوجائیں گی شروع

اتر پردیش کے جیور میں قائم نوئیڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ  سے کمرشل پروازوں کے آغاز سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 28 مارچ کو اس ایئرپورٹ کا باضابطہ افتتاح کیا، جس کے بعد اب شہری ہوا بازی کے وزیررام موہن نائیڈو نے آپریشن شروع ہونے کی ممکنہ مدت سے آگاہ کیا ہے۔

وزیر کے مطابق، ایئرپورٹ سے کمرشل پروازیں آئندہ  45 سے 60 دنوں کے اندر شروع ہو سکتی ہیں، بشرطیکہ Bureau of Civil Aviation Security (BCAS) کی جانب سے ایئرپورٹ سیکورٹی پروگرام (ASP) کی منظوری حاصل ہو جائے۔ سیکورٹی کلیئرنس کے بعد ہی مکمل آپریشن کا آغاز ممکن ہوگا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں ملکی (ڈومیسٹک) پروازوں کو ترجیح دی جائے گی، خاص طور پر بڑے میٹرو شہروں کے لیے۔ اس کے بعد مرحلہ وار ٹیئر-2 اور ٹیئر-3 شہروں کو جوڑا جائے گا، جبکہ بین الاقوامی پروازوں کے آغاز میں مزید وقت لگ سکتا ہے کیونکہ اس کے لیے امیگریشن اور کسٹمز سے متعلق اضافی منظوری درکار ہوگی۔

یہ ایئرپورٹ تقریباً 6200 ہیکٹر رقبے پر پانچ مراحل میں تیار کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں 11,200 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید سہولیات کے ساتھ ایک رن وے تیار کیا گیا ہے، جس کی لمبائی 3900 میٹر ہے اور یہ ہر طرح کے موسم میں آپریشن کے قابل ہے۔

ایئرپورٹ پر جدید نیویگیشن سسٹم، کارگو ہب اور MRO facility (مینٹیننس، ریپیئر اور اوور ہال) جیسی سہولیات بھی قائم کی گئی ہیں، جو مقامی صنعتوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔ ابتدائی طور پر کارگو کی گنجائش 2.5 لاکھ ٹن رکھی گئی ہے، جسے مستقبل میں بڑھا کر 18 لاکھ ٹن تک کیا جا سکتا ہے۔

حکام کے مطابق، مستقبل میں اس ایئرپورٹ پر کل 8 رن وے بنانے کا منصوبہ ہے، جس سے یہ ملک کے بڑے ہوائی مراکز میں شامل ہو جائے گا۔