کرناٹک : نجی ایمبولینس سروسز کی قیمتوں کے ضابطے کے لیے نیا بل پیش کرنے کا اعلان

کاروار(فکروخبرنیوز) کرناٹک کے وزیر صحت و خاندانی بہبود، دینیش گنڈو راؤ نے اعلان کیا ہے کہ ریاستی حکومت آئندہ قانون ساز اجلاس میں ایک نیا بل پیش کرے گی جس کا مقصد نجی ایمبولینس خدمات اور موبائل کلینکس کی قیمتوں کو ضابطے میں لانا ہے۔ اس نئے ضابطے کو کرناٹک پرائیویٹ میڈیکل اسٹیبلشمنٹس (KPME) ایکٹ کے تحت نافذ کیا جائے گا۔
بل کے تحت ریاست بھر میں نجی ایمبولینس سروسز کے لیے معیاری کرایے مقرر کیے جائیں گے۔ تمام نجی ایمبولینس اور موبائل ہیلتھ یونٹس کو KPME ایکٹ کے تحت رجسٹر ہونا لازمی ہوگا اور حکومت کی جانب سے طے کردہ نرخوں کی پابندی کرنی ہوگی۔
حکومت ایک موبائل ایپ متعارف کروانے کی تیاری میں ہے جس کے ذریعے شہری نجی ایمبولینس آسانی سے بُک کر سکیں گے اور قیمتوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ نجی ایمبولینس اور موبائل کلینکس کو مناسب حفاظتی اور معیاری تقاضوں کے مطابق متعلقہ حکام سے منظوری لینا ہوگی۔ اسی طرح موبائل ہیلتھ کلینکس کی خدمات کے نرخ بھی سرکاری طور پر طے کیے جائیں گے تاکہ بنیادی صحت کی سہولیات عوام کو مناسب قیمت پر دستیاب ہوں۔

وزیر صحت نے یہ بھی اعلان کیا کہ ریاست کی مشہور ‘108’ ایمرجنسی ایمبولینس سروس اب مکمل طور پر حکومت کے زیر انتظام ہوگی۔ اس سے قبل یہ سروس نجی ایجنسیوں کے سپرد تھی لیکن متعدد شکایات موصول ہو رہی تھیں، جیسے کہ عملے کو وقت پر تنخواہیں نہ ملنا اور انتظامی بدنظمی وغیرہ ۔ چامراج نگر ضلع میں پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد یہ سروس آئندہ تین ماہ کے اندر اندر مکمل طور پر حکومتی کنٹرول میں آ جائے گی۔ ریاستی حکومت کو عوام کی طرف سے نجی ایمبولینس آپریٹرز کے خلاف زائد کرایہ وصول کرنے اور ناقص خدمات فراہم کرنے کی کئی شکایات موصول ہوئی تھیں۔

بھٹکل کو تعلیمی میدان میں بڑا نقصان: یاسین محتشم (یاسین سر) انتقال کرگئے

بھٹکل: کشتی حادثہ، چار لاپتہ افراد میں سے ایک کی لاش برآمد، تلاش جاری ، وزیر ماہی گیری منکال وئیدیا نے الوے کوڑی بندرگاہ کا دورہ کیا