نیو شمس اسکول میں سائنس و ٹیلنٹ فیئر2025 Shamspire کا کامیاب انعقاد،طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ

بھٹکل، 11 نومبر (فکروخبرنیوز) نیو شمس اسکول میں منگل کے روز سالانہ سائنس و ٹیلنٹ فیئر "شمسپئر 2025” (Shamspire 2025) نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔
“Inspire Ideas, Ignite Minds” کے عنوان سے منعقدہ اس فیئر میں طلبہ نے جدید سائنسی ماڈلز، لائیو ڈیمونسٹریشنز اور تخلیقی منصوبے پیش کیے جنہیں والدین، اساتذہ اور مہمانانِ گرامی نے بے حد پسند کیا۔
تقریب کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے اسکول کے سرپرست جناب اسماعیل محتشم کے ہاتھوں ہوا۔
اس موقع پر پرنسپل لیاقت نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ادارے کے تعلیمی وژن پر روشنی ڈالی، جبکہ چیئرمین نذیر احمد قاضی نے اپنے خطاب میں سائنسی تعلیم کو فروغ دینے اور طلبہ میں تحقیق و جستجو کے جذبے کو بیدار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
فیئر کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا — خواتین کے لیے صبح 10 تا 12:30 بجے اور مرد حضرات کے لیے دوپہر 1 تا 2:30 بجے — تاکہ والدین اور زائرین کو طلبہ کی تخلیقی سرگرمیوں کا قریب سے مشاہدہ کرنے کا موقع ملے۔
نمائش میں پیش کیے گئے ماڈلز اور تجرباتی منصوبوں نے بچوں کی ذہانت، سائنسی فہم اور اختراعی سوچ کو نمایاں کیا۔ مختلف مضامین سے متعلق پروجیکٹس میں سائنسی مظاہرے، زبان و ثقافت سے متعلق تجربات اور فنونِ لطیفہ کے نمونے شامل تھے، جنہوں نے حاضرین کو بے حد متاثر کیا۔
والدین اور کمیونٹی کے نمائندوں نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوع کے تعلیمی فیئرز بچوں میں خود اعتمادی پیدا کرتے ہیں اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کے تعلیمی و تربیتی اقدامات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
بتادیں کہ طالبِ علم سید صارم کی تلاوتِ قرآن پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔پروگرام کے اختتام پر انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر اسکول کی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیو شمس اسکول آئندہ بھی دینی و عصری تعلیم کو یکجا کرتے ہوئے طلبہ کی ہمہ جہت ترقی اور تربیت کے لیے سرگرم عمل رہے گا۔

بھٹکل میں مولانا ابوالکلام آزاد کی یومِ پیدائش پر قومی یومِ تعلیم کا اہتمام

دبئی میں بھٹکل و اطراف کے نمائندوں کی وزیریو ٹی قادر سے ملاقات, عوامی مسائل، شاہراہ کی خستہ حالی اور صحت سہولتوں پر گفتگو،یادداشت بھی پیش!