بھٹکل(فکروخبرنیوز) رفیق فکروخبر جناب نوید مصبا کے انتقال پرملال پردفتر فکروخبرمیں تعزیتی نشست منعقد کی گئی جو یوٹیوب اورزوم پر آن لائن نشر کی گئی۔ اس موقع پر صدر فکروخبر ، ایڈیٹر انچیف ، مدیر اور دیگر رفقاء نے مرحوم کے تعلق سے اپنے تأثرات کا اظہار کیا اور مرحوم کے حسنات کا تذکرہ کیا۔
صدر فکروخبر مولانا محمد الیاس ندوی نے کہا انہیں دیکھ کر لگتا تھا کہ وہ عالمِ دین ہے لیکن وہ عالمِ دین نہیں تھے بلکہ کالج کے فارغ ہونے کے باوجود دین سے جو تعلق تھا وہ قابلِ رشک تھا۔ جس کمپنی سے وہ منسلک تھے آخری ایام میں انہوں نے اپنا حساب بے باق کرلیا تھا۔ گویا وہ دنیا سے پاک صاف ہوکر گیے اور کسی بھی طرح کا ان پر بوجھ نہیں تھا۔
ایڈیٹر انچیف فکروخبر مولانا سید ہاشم نظام ندوی نے کہا کہ ان سے جو تعلق تھا وہ صرف دفتر کی حد تک نہیں تھا بلکہ ایک گھریلو تھا ، الحمدللہ ہمارے جتنے رفقاء ہیں وہ ان سے صرف ملازمت تک کا تعلق نہیں ہے بلکہ ہر ایک کے سے بے حد قریبی تعلقات تھے۔ مرحوم نوید صاحب نے جس طرح فکروخبر کے مختلف میدان میں خدمات انجام دی اسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے آبدیدہ ہوکر مرحوم کے کئی ایک اوصاف تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیں مدتوں یاد رہیں گے۔
رفیق فکروخبر مولانا مفتی عبدالنور ندوی نے کہا کہ انسان کی موت اچانک آجاتی ہے جس کا وقت نہیں ہے۔ اس لیے موت کے لیے ہر وقت تیار رہنا چاہیے اور اپنے معاملات اور معاشرت کو درست کرنے کی فکر کرنی چاہیے۔ مرحوم نے بھی اپنے معاملات میں دین کو مقدم رکھا۔
اس کے ساتھ ساتھ مدیر فکروخبر مولانا سید احمد ایاد ندوی ، نائب مدیرمولانا سید ابراہیم اظہر ندوی اور رفیق فکروخبر مولانا عتیق الرحمن ندوی نے بھی مرحوم کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔




