انسانیت کی جیت: مسلمان سماجی کارکن نے 15 گھنٹے میں پجاری کی بیٹی کے لیے 75 لاکھ روپے جمع کیے

بنگلورو (فکروخبرنیوز) کسی کی جان بچانے کے لیے مذہب کی دیواریں بے معنی ہو جاتی ہیں — یہ ثابت کر دکھایا ہے بنٹوال کے سماجی کارکن فیاض مسعود نے، جنہوں نے ایک مندر کے پجاری کی پانچ سالہ بیٹی کے بون میرو ٹرانسپلانٹ کے لیے صرف 15 گھنٹوں میں 75 لاکھ روپے جمع کر کے ایک شاندار مثال قائم کی ہے۔

ڈائجی ورلڈ کی خبر کے مطابق یہ ننھی بچی ایک مہلک بیماری سے لڑ رہی ہے اور ناراینا ہیلتھ، بنگلورو کے ڈاکٹروں نے فوری بون میرو ٹرانسپلانٹ کی سفارش کی تھی، جس پر 40 سے 50 لاکھ روپے کا خرچ متوقع تھا۔ خاندان پہلے ہی 7 لاکھ روپے خرچ کر چکا تھا، لیکن باقی رقم کی بندوبست ان کے لیے ناممکن تھی۔

بچی کے والد ہیرانیاکشا  جو پیشے کے لحاظ سے پجاری ہیں، نے بتایا، "ہم نے ایک دوست کے ذریعے فیاض مسعود سے رابطہ کیا۔ گاؤں سے تعلق رکھنے والے دس افراد پر مشتمل وفد ان سے ملا۔ وہ خود ہمارے گھر آئے، ہماری بیٹی سے ملے، اور ایک اپیل ویڈیو ریکارڈ کی۔”

فیاض نے بتایا کہ جیسے ہی انہیں معاملے کی سنگینی کا احساس ہوا، انہوں نے 30 جون کو شام 6 بجے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی۔ حیران کن طور پر اگلی صبح 10:30 بجے تک 75 لاکھ روپے کے عطیات موصول ہو چکے تھے۔

ہیرانیاکشا نے مزید کہا کہ اس نے ہم سے ہمارا مذہب نہیں پوچھا، نہ کسی بدلے کی توقع کی۔ بس اتنا جاننا چاہا کہ ہمیں کب اور کتنے پیسوں کی ضرورت ہے۔

یہ اپیل دلوں کو چھو گئی، اور لوگوں نے دل کھول کر عطیات دیے ۔اب بچی کا خاندان بنگلورو پہنچ چکا ہے، اور امید ہے کہ چند دنوں میں علاج کا آغاز ہو جائے گا۔

لکھ لو میری بات ٹرمپ کے سامنے پھر سےجھک جائیں گے مودی : راہل گاندھی کا طنز ،بی جے پی ٓصفوں میں سناٹا

ٹیکساس میں 1987 کے بعد سب سے شدید سیلاب، 24 ہلاک، سرچ آپریشن جاری