مرڈیشور ساحل پر سیاحوں کے لیے سمندر میں جانے پر پابندی، انتباہی بینرزنصب

بھٹکل : مانسون کی آمد کے ساتھ ہی مرڈیشور کے معروف سیاحتی ساحل پر حفاظتی نقطۂ نظر سے ایک اہم اقدام اٹھایا گیا ہے۔ متعلقہ حکام نے سمندری طوفانی لہروں کے پیش نظر سیاحوں کو بحیرہ عرب میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔ یہ فیصلہ محکمۂ سیاحت، ماولی گرام پنچایت اور مرڈیشور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے تحت عمل میں آیا ہے۔

حفاظتی اقدامات کے طور پر ساحل کے مختلف حصوں پر انتباہی بورڈ اور بینرز نصب کیے گئے ہیں، تاکہ عوام کو ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران سمندر میں غیر معمولی طغیانی اور بلند لہریں دیکھی جاتی ہیں، جو انسانی جان کے لیے مہلک ثابت ہو سکتی ہیں۔

ہر سال کی طرح اس بار بھی بارش کے موسم میں سمندر میں جانے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، جو مانسون کے اختتام تک نافذ العمل رہے گی۔ اس حوالے سے مرڈیشور پولیس نے ایک بار پھر زور دے کر اپیل کی ہے کہ مقامی افراد اور سیاح ہدایات پر سختی سے عمل کریں، اور کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے سمندر میں نہ اتریں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں اور احتیاط ہی ہر ممکن خطرے سے بچاؤ کی بہترین تدبیر ہے۔

غیر انسانی برتاؤ : فیکٹری مالک نے مبینہ طور پرمزدور کو ایک پیر پر کھڑا رہنے پرکیا مجبور

مدراس ہائی کورٹ کی ای ڈی کی سرزنش، کہا شک کی بنیاد پر گھر کی تلاشی لی جا سکتی ہے، سیل نہیں کیا جا سکتا