حزب اللہ سربراہ کے قتل کے بعد ایرانی سپریم لیڈر "علی خامنہ ای”محفوظ مقام پر منتقل

28/ستمبر/2024(فکروخبر/ذرائع)اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کے قتل کا اعلان سامنے آنے کے بعد ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تہران کے دو عہدیداروں نے رائٹرز کو بتایا کہ ایرانی سپریم لیڈر کو سخت حفاظتی اقدامات کے ساتھ ملک کے اندر ہی ایک محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جنوبی بیروت میں حزب اللہ کی مرکزی قیادت کو نشانہ بنانے کے بعد ایران حزب اللہ اور دیگر علاقائی اتحادیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ اگلے لائحہ عمل کا تعین کیا جاسکے۔
اس سے قبل اسرائیل کی جانب سے بیروت پر کی گئی وحشیانہ بمباری کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا تھا۔۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر علی لاریجانی نے کہا کہ اسرائیل نے سرخ لکیر عبور کردی ہے۔
علی لاریجانی کے مطابق حزب اللہ کے پاس قائدانہ صلاحیت رکھنے والے بہت سارے کمانڈر اور رہنما موجود ہیں جو حسن نصر اللہ کی شہادت کی صورت میں متبادل قیادت تحریک کو چلانے کے لئے تیار ہے۔

«
»

موڈا معاملہ : وزیراعلی سدارامیا کے خلاف کیس درج ، اہلیہ ، اور بھائی بھی بنائے گئے ملزم

ایرانی طیارے کی آمد ،اسرائیل نے بیروت ایئرپورٹ کا کنٹرول ہیک کر لیا