افسوسناک خبر : ناظرعام ندوۃ العلماء لکھنؤ حضرت مولانا جعفر مسعود حسنی ندوی انتقال کرگیے

رائے بریلی (فکروخبرنیوز) یہ خبر نہایت افسوس اور رنج والم کے ساتھ دی جارہی ہے کہ ناظرعام ندوۃ العلماء لکھنو حضرت مولانا سید جعفر مسعود حسنی ندوی ابھی کچھ دیر قبل انتقال کرگیے۔

اب تک کی موصولہ معلومات کے مطابق مولانا موصوف کا انتقال ایک سڑک حادثہ میں ہوا۔

موصوف گذشتہ دو سالوں سے ندوہ کے اہم منصب ناظر عام پر فائز تھے۔ مولانا موصوف رحمۃ اللہ علیہ کا تعلق حضرت مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندوی رحمۃ اللہ علیہ کے خانوادے سے تھا۔ سابق معتمد تعلیم حضرت مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندوی رحمۃ اللہ کے یہ فرزندِ ارجمنداور سابق ناظم ندوۃ العلماء لکھنو اور سابق صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی رحمۃ اللہ علیہ کے بھتیجے تھے۔ موصوف علمی دنیا کی معروف شخصیت تھی ، ندوہ سے نکلنے والے پندرہ روزہ الرائد کے ایڈیٹر تھے۔ ان کے انتقال سے پورے علمی حلقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

فکروخبر کی پوری ٹیم دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں غریقِ رحمت فرمائے۔ ان کی بال بال مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ندوہ کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے ، ان کے جملہ پسماندگان خصوصاً ناظم ندوۃ العلماء لکھنؤ حضرت مولانا سید بلال حسنی ندوی دامت برکاتھم کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین