بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل میں لڑکیوں کی دینی تعلیم و تربیت کے لیے قائم "جامعۃ الصالحات” کے انتظامی امور کو آگے بڑھانے کے لیے جناب عبدالعلیم صاحب قاسمی کو نیا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ادارے کے سابق صدر جناب عبد الحمید دامودی صاحب مرحوم کے انتقال کے بعد 21 ممبران پر مشتمل ٹرسٹ کے اجلاس میں عمل میں آیا۔
واضح رہے کہ 1974ء میں فخرِ قوم نوائط الحاج محی الدین منیری صاحب مرحوم کی جانب سے قائم کردہ یہ ادارہ گزشتہ 52 سالوں سے لڑکیوں کی اعلیٰ دینی تعلیم و تربیت کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔ اس وقت جامعۃ الصالحات میں ساڑھے پانچ سو (550) سے زائد طالبات زیرِ تعلیم ہیں، جبکہ اب تک ڈیڑھ ہزار (1,500) سے زائد عالمات فارغ التحصیل اور ایک ہزار (1,000) سے زائد طالبات حفظِ قرآن مجید کی سعادت حاصل کر چکی ہیں۔ شعبہ عالمیت کے علاوہ یہاں بنیادی دینی تعلیم کا ایک سالہ ڈپلومہ کورس، چھوٹی بچیوں کے لیے مکتب الصالحات اور بعدِ عصر حفظِ قرآن کی خصوص کلاسز کا نظم بھی موجود ہے۔ سلطانی محلہ میں مرکزی درسگاہ کے علاوہ آزاد نگر جالی روڈ پر اس کی شاخ بھی قائم ہے۔
جامعۃ الصالحات کے پہلے سے منتخب دیگر عہدیداران مندرجہ ذیل ہیں۔
نائب صدر : مولانا محمد انصار صاحب خطیب ندوی
، ناظم : مولانا محمد الیاس صاحب فقیہ احمدا ندوی
نائب ناظم : مولانا خلیل الرحمن صاحب منیری
محاسب : جناب محتشم عبدالرحمن صاحب (جان)
فکر و خبر بھٹکل صدر اور جملہ عہدیداران کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتا ہے۔




