مظفر کولا حیات وخدمات کتاب کا اجرا  مولانا شاکر اللہ رشادی اور مولانا الیاس ندوی کے ہاتھوں عمل میں آیا

9/ نومبر 2024 بروز سنیچر بعد نماز عشاء آمنہ پیلس میں نونہال سینڑل اسکول کے Annual پروگرام کے اختتامی جلسہ میں بانی نونہال سینڑل اسکول مرحوم مظفر کولا صاحب کے حیات وخدمات حالات وتاثرات پر مشتمل کتاب کا اجراء عمل میں آیا جسے مولوی سید علی رضا یس یم ندوی نے ترتیب دیا ہے۔

اجراء کے موقع پر بینگلور سے تشریف لائے ہوئے مہمان مولانا شاکر اللہ رشادی صاحب(خطیب مسجد بلال بنر کٹہ روڈ بانی ومہتمم مدرسہ دارالحسنین بنگی پورہ بینگلور) اور بھٹکل کے معروف عالم دین مولانا الیاس جاکٹی ندوی دامت برکاتہم موجود تھے۔

کتاب 319 صفحات پر مشتمل ہے جس میں دارالعلوم دیوبند،  مظاہر علوم سہارنپور اور دارالعلوم ندوةالعلماء لکھنو سے تعلق رکھنے والے اکابر علماء کے مضامین موجود ہیں۔

 کتاب سے متعلق مرتب کتاب کا اقتباس ملاحظہ فرمائیں صفحہ 8 کا اقتباس۔

مرحوم مظفر کولا رحمة الله عليه کی شخصیت بھٹکل کے دین دار  اور سرمایہ دار لوگوں میں تعارف کی محتاج نہیں ہے ، اللہ تعالٰی نے آپ کو مال ودولت کے ساتھ دل بھی عطا فرمایا تھا۔ آپ اللہ کے راستہ میں اپنے مال کو خوب خرچ کرتے تھے،  ہندوستان میں مولانا ایوب برماور ندوی اور ان کے بھائی مولانا اقبال برماور ندوی رحمہ اللہ علیہ کے ذریعے مکاتب ، مدارس، مساجد اور جو دوسرے بہت سارے کام ہوئے ہیں ان میں سب سے بڑا تعاون جناب مرحوم مظفر کولا صاحب کا رہا ہے ۔

مرحوم مظفر کولا صاحب کے کاموں اور علماء کرام کے ساتھ تعلقات کا دائرہ بے حد وسیع تھا، آپ کا تعلق ہندوستان کے بڑے بڑے علماء کرام اور بزرگان دین کے ساتھ رہا ہے۔ ۔۔

اللہ تعالی نے آپ سے بھٹکل اور بیرون بھٹکل میں دینی اداروں کی تعمیری ضروریات کو پورا کرنے کا بہت بڑا کام لیا ہے۔