منکی (فکروخبر نیوز) جماعت المسلمین منکی کی زیرِ سرپرستی القسیم اسپورٹس اینڈ سوشل کلب منکی کی جانب سے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ایک فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس سے گاؤں منکی اور اطراف کے علاقوں کے عوام نے بڑی تعداد میں استفادہ حاصل کیا۔
یہ فری میڈیکل کیمپ یکم فروری، بروز اتوار، صبح ساڑھے نو بجے سے سے شام چار بجے تک منعقد ہوا، جس میں لائف کیئر بھٹکل سے تعلق رکھنے والے پانچ ماہر اور تجربہ کار ڈاکٹروں کی ٹیم نے شرکت کی اور مختلف امراض کے مریضوں کا معائنہ کرتے ہوئے ضروری طبی مشورے دیے۔
کیمپ میں ہڈیوں اور جوڑوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر نے جوڑوں کے درد، کمر درد، فریکچر اور ہڈیوں کی کمزوری کے مریضوں کا معائنہ کیا، جبکہ ذیابیطس (شوگر) کے ماہر ڈاکٹر نے شوگر کی جانچ اور کنٹرول سے متعلق رہنمائی فراہم کی۔ اس کے علاوہ جسمانی ورزش و فٹنس کے ماہر نے موٹاپے اور جسمانی کمزوری سے متعلق مشورے دیے، حاملہ خواتین کے ماہر ڈاکٹر نے ماں اور بچے کی صحت سے متعلق معائنہ کیا، جب کہ جنرل فزیشن نے عام بیماریوں کا علاج انجام دیا۔ اس کیمپ میں آج تین بچوں کا ختنہ بھی کیا گیا۔
القسیم اسپورٹس اینڈ سوشل کلب منکی ماضی میں بھی فری ختنہ کیمپ، میڈیکل کیمپ اور دیگر سماجی و فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے عوامی خدمت انجام دیتا رہا ہے، اور اس میڈیکل کیمپ کو بھی عوام کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔
آخر میں جماعت المسلمین اور کلب کے ذمہ داران نے تمام ڈاکٹروں، رضاکاروں اور تعاون کرنے والے احباب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس نیک کوشش کو قبول فرمائے اور اسے عوام کے لیے باعثِ خیر و برکت بنائے۔
