منگلورو: منگلورو سٹی کمشنریٹ اور دکشینا کنڑ ضلع میں پولیس محکموں میں ایک بڑے پیمانے پر تبادلوں کا عمل انجام پایا ہے، جس کا مقصد نظم و نسق کو مزید مؤثر بنانا اور امن و قانون کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ اس اہم انتظامی اقدام کے تحت منگلورو اور اس کے اطراف کے علاقوں میں مجموعی طور پر 172 اہلکاروں کے تبادلے عمل میں آئے ہیں۔
منگلورو سٹی پولیس کمشنر سدھیر کمار ریڈی کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق کمشنریٹ حدود میں 56 پولیس اہلکاروں کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ان تبادلوں میں کرائم برانچ (CCB)، سٹی آرمڈ ریزرو، اور مختلف پولیس تھانوں کے افسران و اہلکار شامل ہیں۔ اس کارروائی کو ایک فعال اور جوابدہ نظام کے قیام کی سمت ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بجپے پولیس اسٹیشن کے ہیڈ کانسٹیبل رشید شیخ کا بھی تبادلہ کر کے انہیں منگلورو ویمنس پولیس اسٹیشن میں تعینات کیا گیا ہے جو سوہاس شیٹی قتل کیس کے تناظر میں سرخیوں میں رہے تھے۔ ان پر بی جے پی لیڈران کی طرف سے ملزمین کے ساتھ مبینہ روابط کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔
پولیس محکمہ کے ذرائع کے مطابق ان افسران کو ترجیحی بنیاد پر تبدیل کیا گیا ہے جو طویل عرصے سے ایک ہی جگہ پر تعینات تھے۔ ان تبادلوں کا مقصد داخلی تنظیم نو، نظم و ضبط میں بہتری، اور کارکردگی کو فروغ دینا ہے۔
اسی دوران دکشینہ کنڑ ضلع پولیس کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں 116 اہلکاروں کے تبادلوں کا اعلان کیا گیا ہے، جن میں 7 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 31 ہیڈ کانسٹیبلز اور 78 سول پولیس کانسٹیبلز شامل ہیں۔ یہ تبادلے 10 جون سے نافذ العمل ہو چکے ہیں۔
ڈائجی ورلڈ کے ان پٹ کے ساتھ