منگلورو (فکروخبر نیوز) شہر کے والاچل علاقے میں نیشنل ہائی وے-73 پر چار نوجوانوں کی جانب سے چلتی کار سے خطرناک اسٹنٹس کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان طلبہ کی شناخت کرلی، پولیس نے گاڑی ضبط کرلی اور مجموعی طور پر 6,500 روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ طلبہ چلتی گاڑی سے باہر لٹک کر سنسنی خیز حرکتیں کر رہے تھے، واقعے کے دوران راہگیروں نے فوراً ویڈیو بنا کر متعلقہ حکام کو آگاہ کیا۔ شہریوں کی اس مستعدی کے بعد منگلورو ساؤتھ ٹریفک پولیس حرکت میں آئی اور بغیر تاخیر کے ان اسٹنٹ بازوں کو دبوچ لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو خبردار کر دیا گیا ہے اور آئندہ ایسی حرکتوں سے باز رہنے کی تلقین بھی کی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں پر اس طرح کے خطرناک کرتب سے گریز کریں اور قانون کا احترام کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔