منگلور ایرپورٹ پر گرا سونے کا کڑا مالک تک پہنچا کر ملازم نے ایمانداری کی مثال قائم کی

منگلورو(فکروخبرنیوز) منگلورو بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ایک ملازم نے اپنی ایمانداری کا ثبوت پیش کرتے ہوئے ٹرالی کے قریب گرا سونے کا کڑا اس کے مالک تک پہنچا کر سبھوں سے داد حاصل کی ہے۔ اس سے بڑھ کر ان کے اُن الفاظ کو بھی بڑی مقبولیت حاصل ہوئی ہے جو انہوں نے ڈائجی ورلڈ سے بات کرتے ہوئے کہے۔

لارنس پریرا گزشتہ 17 سالوں سے ہوائی اڈے پر کام کر رہے ہیں، انہوں نے دیکھا کہ کرڈیپارچرایگزٹ پر ٹرالیوں کے قریب ایک سونے کا کڑا گرا ہوا ہے۔ اس نے پہلی فرصت میں وہ زیور اٹھاکر ڈیوٹی ٹرمینل مینیجر کے حوالے کردیا۔ اس نے بتایا کہ جو وہ کماتے ہیں وہ ان کے لیے کافی ہے اسے کسی اور کے پیسوں کی ضرورت نہیں ہے۔ صرف یہ چوڑی ہی نہیں، اگر مجھے کوئی چھوٹی چیز بھی مل جائے تو میں ہمیشہ متعلقہ افسر کے حوالے کر دیتا ہوں۔ اس کے ساتھ کام کرنے والے دیگر ساتھیوں کے مطابق بھی لارنس پریرا ایک ایماندار شخص ہے جس نے ہوائی اڈے پر اپنی طویل سروس کے دوران ہمیشہ ایمانداری کو ہر چیز پر فوقیت دی۔

ہوائی اڈے کے حکام نے ان کی ایمانداری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے مسافروں کا اعتماد مضبوط ہوتا ہے۔ ایک ایسے دور میں جہاں کھوئے ہوئے سامان کی کہانیاں اکثر مختلف انداز میں ختم ہوتی ہیں۔

نفسا نفسی کے اس دور میں اس واقعہ نے یہ سبق دیا ہے کہ اب بھی معاشرے میں ایسے لوگ رہتے ہیں جنہیں اپنے فائدے سے زیادہ دوسروں کے نقصان کا دکھ ہوتا ہے۔