بھٹکل : تعلیمی رہنمائی کے عنوان پر مجلس علمائے تینگن گنڈی کی جانب سے طلبہ کے لیے خصوصی پروگرام

بھٹکل : مجلس علمائے تینگن گنڈی کی جانب سے مدارس کے عربی درجات اور آٹھویں تا ڈگری تک کے طلبہ کے لیے تعلیمی رہنمائی کے عنوان پرایک خصوصی پروگرام بروز جمعہ بعد عشاء ساڑھے آٹھ بجے جامع مسجد سیدنا ابراہیم جامعہ آباد میں منعقد کیا گیا۔

پروگرام کی صدارت مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی اورمجلس کے سرپرست  نے کی او راپنے خطاب میں انہوں نے موجودہ دور میں تعلیم کی اہمیت پر مفید باتیں پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد رضائے الٰہی ہونا چاہیے اور اس کے ساتھ ساتھ ہمیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ تعلیم سے انسان ترقیوں کے منازل طئے کرتا ہے لیکن ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ سب سے پہلے ہمیں کم از کم قرآن شریف ناظرہ پڑھنا آنا چاہیے اور ہمیں اللہ کے احکامات کی بجاآوری میں کوتاہی نہیں کرنی چاہیے۔  

کنگ خالد یونیورسٹی ابھا کے پروفیسرجناب ڈاکٹر ہارون رشید بنگالی نے طلبہ کو تعلیمی میدان میں معاون اشیاء کے استعمال کے ساتھ ساتھ کم وقت میں ترقی کرنے کے گُر بتائے۔ انہوں نے پی پی ٹی کے ذریعہ طلبہ کو امتحان کی تیاری کیسے کریں کے عنوان پر اپنا قیمتی محاضرہ پیش کیا۔

انجمن ہائی اسکول کے کوآرڈنیٹر جناب یاسین محتشم نے طلبہ کو تعلیم کیوں ضروری اور اس کے ذریعہ حاصل ہونے والے فوائد پر بہترین انداز میں روشنی ڈالی ، انہوں نے مختصراً اور عام فہم انداز میں طلبہ کو تعلیمی میدان میں خوب محنت کرنے اور اس پر ایک دوسرے پر سبقت لے جانے پر ابھارا۔

پروگرام کا آغاز مولوی حافظ نوید پوتکار کی تلاوت سے ہوا اور نعت مولوی سمعان بنگالی نے پیش کی۔ پروگرام کی غرض و غایت پیش کرتے ہوئے صدر مجلس علمائے تینگن گنڈی مولوی عتیق الرحمن ڈانگی ندوی نے بتایا کہ الحمدللہ قومِ ناخدا کے طلبہ بھی تعلیمی میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں اوراپنے اپنے اسکولوں کے باوقار اعزازات سے انہیں نوازا جارہا ہے۔ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ تعلیمی میدان میں بچے ترقی کررہے ہیں جس سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ ان کی صحیح رہنمائی کے نتیجہ میں وہ کم وقت ترقیوں کے منازل طئے کرسکتے ہیں۔ نظامت کے فرائض مولوی شاہد ڈانگی نے انجام دییے۔ اسٹیج پر صدر مرکزی جماعت المسلمین تینگن گنڈی جناب علی آدم ابو اور مجلس کے سرپرست مولانا محمد اسحاق ڈانگی ندوی بھی موجود تھے۔