گہرے سمندر میں ماہی گیری کشتی میں آگ لگ گئی، سات ماہی گیر بال بال بچ گئے

  منگلورو:  مچھلی پکڑنے کے لیے گہرے سمندر میں گئی ’شرک‘ نامی ماہی گیری کشتی میں اچانک آگ لگنے سے وہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی، تاہم کشتی پر سوار تمام سات ماہی گیر بروقت امداد کی بدولت محفوظ رہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ کشتی 10 دسمبر کی صبح تقریباً 4:30 بجے منگلورو بندرگاہ سے روانہ ہوئی تھی۔ شام تقریباً 6:15 بجے، منگلورو کے ساحل سے قریب 12 سمندری میل دور مچھلیاں پکڑنے کے دوران اچانک کشتی کے انجن روم سے آگ کے شعلے بلند ہونے لگے۔ عملے نے فوری طور پر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، مگر شدید آگ کے باعث وہ ناکام رہے۔

صورتحال کے بگڑنے پر ماہی گیروں نے قریب ہی موجود ’میزان‘ نامی ایک اور ماہی گیری کشتی سے مدد طلب کی۔ امدادی کشتی بروقت موقع پر پہنچ گئی اور تمام ماہی گیروں کو بحفاظت منتقل کر لیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک بڑا جانی نقصان ٹل گیا۔ تاہم دیکھتے ہی دیکھتے ٹرول بوٹ آگ کی لپیٹ میں آ کر مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

کشتی کی مالک فاطمہ شفا نے اس واقعہ کی شکایت منگلورو کوسٹل سیکورٹی پولیس اسٹیشن اور محکمہ ماہی پروری کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے پاس درج کرائی ہے۔ شکایت میں بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ سورتکل اور کاپ کے درمیان گہرے سمندر میں پیش آیا، جس میں تقریباً ایک کروڑ روپے کے مالی نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

واقعے کے بعد متعلقہ حکام نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔

توحید پبلک اسکول شیرور کا سالانہ اسپورٹس ڈے

استادِ محترم ماسٹر سیفُ اللہ صاحب کی یاد میں