ریاست کی تمام مشینی ماہی گیر کشتیوں پر اسرو کے جدید مواصلاتی آلات نصب ہوں گے: وزیر منکال ویدیا

کاپو(فکروخبرنیوز) کرناٹکا کے وزیر برائے ماہی پروری منکال ایس ویدیا نے اعلان کیا ہے کہ ریاست کی تمام مشینی اور موٹر سے چلنے والی ماہی گیر کشتیوں پر اسرو (ISRO) کی تیار کردہ جی پی ایس پر مبنی دو طرفہ مواصلاتی ڈیوائسز نصب کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد سمندر میں کسی بھی ہنگامی صورتِ حال، بالخصوص خراب موسم کے دوران، ماہی گیروں کو فوری پیغام رسانی کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ بروقت وارننگ اور ریسکیو ٹیموں کی مدد ممکن ہو سکے۔

یہ اعلان رکن اسمبلی گُرمے سریش شیٹی کی جانب سے ماہی گیروں کی حفاظت سے متعلق پیش کی گئی تجویز کے جواب میں کیا گیا۔ وزیر نے تسلیم کیا کہ بدلتے موسمی حالات، خاص طور پر بندرگاہ کے داخلی راستوں پر مٹی جمنے اور بریک واٹر کی کمی کے باعث کشتی رانی مزید خطرناک ہو گئی ہے۔

منکال ایس ویدیا نے بتایا کہ ماہی گیروں کو پہلے ہی موسم کی پیشگوئی اور پیشگی وارننگ فراہم کی جا رہی ہے لیکن حادثات اور جانی نقصان سے بچاؤ کے لیے اضافی اقدامات ضروری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بندرگاہی علاقوں سے مٹی ہٹانے (ڈریجنگ) اور دریا کے دہانوں پر بریک واٹر کی توسیع کے منصوبے، مرکزی اور ریاستی حکومت کی مالی معاونت سے عمل میں لائے جائیں گے۔ یہ کام سینٹرل واٹر اینڈ پاور ریسرچ اسٹیشن (CWPRS) پونے اور سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف کوسٹل انجینئرنگ فار فشرریز (CICEF) بینگلورو کی سفارشات کی بنیاد پر انجام دی جائیں گے۔

فرقہ وارانہ نفرت انگیز تقاریر پر سخت کارروائی کے لیے نیا قانون لایا جائے گا : وزیر داخلہ کرناٹکا

سوشل میڈیا پر وائرل قاتل وھیل کی حقیقت