مغربی بنگال: ’عزیز‘ سے ’اوستھی‘ ہو گیا سی پی آئی ایم سکریٹری محمد سلیم کے بیٹے کا نام، ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں بدل گئی کنیت

مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) کے مدنظر ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری ہونے کے بعد کئی طرح کے الزامات و خدشات سامنے آ رہے ہیں۔ ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں ترنمول کونسلر کو مردہ قرار دیے جانے کا معاملہ پہلے ہی سرخیوں میں ہے، اب سی پی آئی ایم کے بنگال ریاستی سکریٹری محمد سلیم کے بیٹے آتش عزیز کا سَرنیم (کنیت) ڈارفٹ ووٹر لسٹ میں تبدیل کرنے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔ آتش کا الزام ہے کہ ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں ان کی کنیت ’عزیز‘ کی جگہ ’اوستھی‘ لکھی گئی ہے۔ محمد سلیم کے بیٹے آتش عزیز نے الیکشن کمیشن کے ذریعہ شائع کیے گئے ڈرافٹ الیکٹورل رول میں بے ضابطگی کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے اور ان کے والد کے نام میں ایک ہندو کنیت ’اوستھی‘ جوڑا گیا ہے۔

ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں عزیز نے کہا کہ ’’وہ کولکاتہ پورٹ اسمبلی سیٹ پر ایک رجسٹرڈ ووٹر ہیں اور آفیشیل ریکارڈ میں ان کا نام آتش عزیز ہے۔ حالانکہ ڈرافٹ الیکٹورل رول کو ویریفائی کرتے وقت انہوں نے دیکھا کہ ان کے نام میں ’اوستھی‘ کنیت جوڑا گیا تھا، اور یہی غلطی ان کی والد کے نام میں بھی دکھائی دی۔‘‘ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’اگر ایسی غلطی کسی ایسے شخص کے معاملے میں ہو سکتی ہے جو دہائیوں سے عوامی زندگی میں ہے تو یہ سنگین سوال کھڑا کرتا ہے کہ عام ووٹرس کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘‘

آتش عزیز نے سخت تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ میڈیا اور بی جے پی کے کچھ لوگوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایس آئی آر کا استعمال مسلمانوں کو ہدف بنانے کے لیے کیا جائے گا۔ لیکن اس کے بجائے اس عمل میں ہندو کنیت جوڑ کر ’’میرے والد محمد سلیم اور مجھے براہمن بنا دیا گیا۔‘‘ انہوں نے اپنے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے ڈرافٹ لسٹ کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی ایم کے بوتھ لیول ایجنٹ (بی ایل او) نے اس معاملے کو چیف الیکٹورل آفیسر کے آفس کے سامنے اٹھایا ہے۔

واضح رہے کہ ایس آئی آر عمل کے پہلے مرحلہ کے تحت گنتی کے فارموں کی ڈیجیٹائزیشن کے بعد ڈرافٹ الیکٹورل رولس (انتخابی فہرست کا مسودہ) 16 دسمبر کو شائع کیا گیا تھا۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کہا کہ ’’معاملہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ اگر کمیشن سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو اسے درست کیا جائے گا۔‘‘

قومی آواز کے شکریہ کے ساتھ

کینسر کی دہلیز پر لرزتی زندگیاں

مدھیہ پردیش: کسانوں کے احتجاج کے سامنے جھکی موہن حکومت، ’لینڈ پولنگ ایکٹ‘ مکمل طور سے ختم