دہلی سے باگڈوگرا جانے والی انڈیگو ایئرلائن کی پرواز 6E-6650 کو اتوار 18 جنوری 2026 کو بم کی دھمکی موصول ہوئی، جس کے بعد طیارے کو حفاظتی اقدام کے تحت لکھنؤ ہوائی اڈے کی جانب موڑ دیا گیا اور ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔ واقعے کے باعث مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (اے سی پی) رجنیش ورما نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پرواز کے ٹوائلٹ میں ایک ٹشو پیپر پر ہاتھ سے لکھا ہوا پیغام ملا، جس میں جہاز میں بم ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی سکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا گیا اور طیارے کی مکمل تلاشی کا عمل شروع کر دیا گیا۔
اے سی پی کے مطابق پرواز میں پائلٹ اور عملے کے ارکان سمیت کل 238 افراد سوار تھے۔ طیارہ دہلی سے باگڈوگرا جا رہا تھا، تاہم دھمکی موصول ہونے کے بعد اسے لکھنؤ میں بحفاظت اتار لیا گیا۔
انڈیگو ایئرلائن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ “18 جنوری 2026 کو دہلی سے باگڈوگرا جانے والی انڈیگو کی پرواز 6E-6650 پر ایک سکیورٹی خدشہ سامنے آیا، جس کے بعد طیارے کو لکھنؤ کی طرف موڑ دیا گیا۔ طے شدہ سکیورٹی پروٹوکول کے مطابق متعلقہ حکام کو فوری طور پر مطلع کیا گیا اور ہم تلاشی کے عمل میں مکمل تعاون کر رہے ہیں۔”
لکھنؤ ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے بعد طیارے کو الگ تھلگ مقام پر کھڑا کیا گیا، جہاں سی آئی ایس ایف، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں نے طیارے اور سامان کی باریک بینی سے تلاشی لی۔ تمام مسافروں کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا اور ان کی مکمل جانچ کی گئی۔
حکام کے مطابق صبح تقریباً 8:46 بجے ایئر ٹریفک کنٹرول (ATC) کو بم کی دھمکی سے متعلق پیغام موصول ہوا تھا، جس کے بعد پرواز تقریباً 9:17 بجے لکھنؤ ہوائی اڈے پر بحفاظت اتری۔
