کنداپور (فکروخبر نیوز) ہنگاراکٹے کے قریب پیش آئے ایک حادثے میں ماہی گیری کی کشتی ’’مہاکالی‘‘ کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں دس لاکھ روپے سے زائد کا مالی خسارہ ہوا۔ خوش قسمتی سے حادثے کے وقت کشتی میں سوار پانچوں ماہی گیر محفوظ رہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ کشتی جو کوڈی بنگری کے ماہی گیر مہیش کی ملکیت ہے، 17 ستمبر کی صبح ماہی گیری کے لیے بندرگاہ سے روانہ ہوئی تھی۔ دوپہر تک جب کشتی ہنگاراکٹے بندرگاہ کے قریب ماہی گیری میں مصروف تھی، اچانک تکنیکی خرابی کے باعث انجن بند ہوگیا۔ متعدد کوششوں کے باوجود انجن دوبارہ اسٹارٹ نہ ہوسکا۔
اسی دوران تیز ہواؤں اور بلند لہروں نے کشتی کو ساحل کی طرف دھکیل دیا اور کنیانہ گاؤں کے قریب چٹانوں سے جا ٹکرائی۔ اس تصادم کے نتیجے میں کشتی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں موجود قیمتی سامان بھی تباہ ہوگیا۔
ابتدائی تخمینے کے مطابق حادثے میں دس لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ واقعہ کے تعلق سے کوٹہ پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔




