مرکزی وزیر ایچ ڈی کماراسوامی کے خلاف کرناٹک پولیس نے ایک مقدمہ درج کیا ہے۔ ان پر کان کنی کے معاملے کی جانچ کر رہے ایک سینئر افسر کو دھمکی دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں آئی جی ایم چندرشیکھر نے شکایت درج کرائی تھی، جس پر پیر کو مقدمہ درج کیا گیا۔ شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ کماراسوامی نے ایک سرکاری ملازم کو اس کی ذمہ داریوں پر عمل درآمد کرنے سے روکنے کے لیے دھمکی دی تھی۔
شکایت کنندہ نے کہا کہ وہ ایک کان کنی کے معاملے کی جانچ کرنے والے خصوصی دستے کی قیادت کر رہے تھے، جس میں کماراسوامی ملزم ہیں۔ سوامی کے خلاف جانچ ان الزامات سے متعلق ہے کہ انہوں نے 2006 سے 2008 تک کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنی مدت کار میں قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ب لاری ضلع میں شری سائیں وینکٹیشور منرلز (ایس ایس وی ایم) کو 550 ایکڑ کے کان کنی پٹے کی غیر قانونی منظوری دی تھی۔آئی جی ایم چندرشیکھر نے سنجے نگر پولیس تھانے میں اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ایس آئی ٹی نے جانچ رپورٹ تیار کرنے اور ملزم (کماراسوامی) کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے وافر ثبوت اور مواد ملنے کے بعد کرناٹک کے گورنر کو 21 نومبر 2023 کو خط لکھ کر کماراسوامی پر مقدمہ چلانے کی منظوری مانگی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 12 اکتوبر کو بھی پولیس افسر ایم چندرشیکھر نے مرکزی وزیر ایچ ڈی کماراسوامی اور ان کے بیٹے نکھل کمار سوامی کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔ سابق وزیر اعلیٰ کماراسوامی کے خلاف غیر قانونی کان کنی کے معاملے کی جانچ کر رہی ایس آئی ٹی کے سربراہ اے ڈی جی پی نے دونوں پر جانچ روکنے کے لیے انہیں دھمکی دینے کا الزام لگایا تھا۔