کرناٹک : کے ایس آر سی ٹی سی بسوں کے کرایہ میں اضافہ ، کیا عوام پر ایک اور بوجھ ہے؟؟

بنگلورو :   کرناٹک کی سرکاری بسوں میں بس کرایوں میں 15 فیصد اضافہ آج 4 جنوری کی آدھی رات سے نافذ ہو جائے گا  جسے ریاستی کابینہ نے منظوری دی ہے۔ یہ اضافہ کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (KSRTC)، نارتھ ویسٹ کرناٹک روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (NWKRTC)، کلیانہ کرناٹک روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (KKRTC)، اور بنگلورو میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن (BMTC) کے ذریعے چلائی جانے والی تمام بسوں پرلاگو ہوگا۔

اس اضافہ کے ساتھ عوام میں چہ میگوئیوں کا بازار گرم ہوگیا ہے اور یہ چیز مہنگائی کی ایک اور مار کے طور پر دیکھی جارہی ہے۔ روزمرہ میں استعمال میں آنے والی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے عوام پہلے ہی پریشان ہیں اور اب سفر کے لیے عوام کو اپنی جیبیں ڈھیلی کرنی پڑیں گی۔

بتایا جارہا ہے کہ 5 جنوری سے قریبی اضلاع کے لیے کرایہ 11 روپے سے شروع ہو گا، جب کہ طویل روٹس کے لیے کرایہ 115 روپے تک بڑھ سکتا ہے۔ کرایہ میں اضافے کا اطلاق ان لگژری بسوں پر بھی ہو گا، جن کے کرایوں میں گزشتہ پانچ سالوں میں اضافہ نہیں ہوا۔

نئی قیمتوں کے اضافہ  سے ماہانہ آمدنی میں 74.85 کروڑ روپے کا اضافہ متوقع ہے، جس سے چار ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کی اجتماعی سالانہ آمدنی 1,052 کروڑ روپے تک پہنچ جائے گی۔

بنگلورو سٹی بسوں کے لیے کرایوں میں 1 روپے سے 3 روپے کا اضافہ ہوگا۔ کرایہ کے ڈھانچے میں مختلف مراحل میں اضافہ دیکھا جائے گا، جیسے کہ 5 سے 6 روپے، 10 سے 12 روپے، 20 سے 23 روپے، وغیرہ۔