کونکن ریلوے کو انڈین ریلوے میں ضم کرنے کی کوششیں جاری: مرکزی وزیر ریلوے وی سومنا کا بیان

چتردرگا (فکروخبر نیوز): مرکزی وزیر ریلوے وی سومنا نے کہا ہے کہ کونکن ریلوے کو ہندوستانی ریلوے میں ضم کرنے کے لیے سرگرم کوششیں جاری ہیں، اور اس عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی سمت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ہفتے کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس اہم پیش رفت کا انکشاف کیا۔

سومنا نے بتایا کہ وزارتِ ریلوے کا قلمدان سنبھالنے کے فوری بعد انہوں نے یہ معاملہ اٹھایا، اور اس سلسلے میں منگلورو میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی منعقد کی گئی۔ اس میٹنگ کے دوران مرکزی وزیر اشونی ویشنو کو باضابطہ طور پر انضمام کے عمل کی سفارش بھی پیش کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کرناٹک اور مہاراشٹر دونوں ریاستی حکومتوں سے NOC  سرٹیفکیٹ درکار ہے، جس کے بغیر قانونی تقاضے مکمل نہیں ہو سکتے۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کی طرف سے کی گئی درخواست کو بھی اس تناظر میں اہم قرار دیا گیا ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ اگر یہ کوششیں کامیاب ہوتی ہیں  ساحلی علاقوں میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ان کے مطابق یہ قدم ریاستوں کے مابین ریلوے رابطے کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ انفرااسٹرکچر کی بہتری اور عوامی سہولت میں اضافہ کا بھی سبب بنے گا۔

وی سومنا نے سابق وزیر دفاع جارج فرنینڈس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کونکن ریلوے کارپوریشن کے قیام اور اس کے کامیاب آپریشن میں ان کا نمایاں کردار رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر یہ انضمام کامیابی سے مکمل ہوتا ہے تو کونکن ریلوے کی انتظامیہ، ڈھانچہ، اور بجٹ اب براہ راست ہندوستانی ریلوے کے دائرہ کار میں آ جائے گا، جو خطہ کے اقتصادی میدان میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

جموں کشمیر : دہشت گردوں کے تعاون کے الزام میں گرفتاریاں

بھٹکل میں جنا اسپندنا پروگرام،نیشنل ہائے وے سمیت کئی اہم بنیادی مسائل حل نہ ہونے کی عوام کی شکایات ، جانیے وزیرضلع انچارج نے کیا کہا؟؟