منگلورو (فکروخبر نیوز) کونکن ریلوے کارپوریشن لمیٹڈ (KRCL) نے اکتوبر 2025 کے دوران اپنی خصوصی چیکنگ مہم میں 42,645 غیرمجاز مسافروں کو پکڑا اور ان سے کل 2.4 کروڑ روپے بطور کرایہ و جرمانہ وصول کیے۔
کے آر سی ایل کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق یہ کاروائی 920 خصوصی ٹکٹ چیکنگ مہمات کے دوران عمل میں آئی جو پورے کونکن ریلوے نیٹ ورک پر چلائی گئیں۔
ریلیز میں مزید بتایا گیا کہ اپریل سے ستمبر 2025 کے درمیان اس طرح کی 5,493 مہم منعقد کی گئیں، جن میں 1,82,781 غیر مجاز سفر کے معاملات درج کیے گئے اور مسافروں سے 12.81 کروڑ روپے کی خطیر رقم جرمانے اور کرایوں کی مد میں وصول کی گئی۔
کونکن ریلوے انتظامیہ کے مطابق بغیر ٹکٹ سفر پر قابو پانے اور جائز مسافروں کو محفوظ، منظم اور آرام دہ سفر فراہم کرنے کے لیے ٹکٹ چیکنگ کے اقدامات کو مزید سخت کیا گیا ہے۔
کارپوریشن نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے قبل درست ٹکٹ خریدیں، کیونکہ بغیر ٹکٹ سفر کرنا قانوناً جرم ہے۔ ریلوے نے واضح کیا ہے کہ ایسی مہمات آئندہ بھی پورے نیٹ ورک میں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ مسافروں میں نظم و ضبط قائم رکھا جا سکے۔




