کاسرگوڈ (فکروخبرنیوز) ضلع کے چیرکلا کے قریب بیونجے میں قومی شاہراہ پر جمعہ کی صبح ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جب ممبئی سے آنے والی ایک کار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ خوش قسمتی سے کار میں سوار پانچ افراد وقت پر باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے لیکن گاڑی مکمل طور پر خاکستر ہوگئی۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ممبئی کا رہائشی اقبال احمد اپنی بیوی اور بچوں کے ہمراہ کنور کے کرشنا پورہ میں واقع اپنے بہنوئی کے گھر جا رہا تھا۔ اطلاعات کے مطابق جیسے ہی کار بیونجے کے مقام پر پہنچی، گاڑی کے بونٹ کے نیچے سے دھواں نکلتے دیکھا گیا۔ صورت حال کو بھانپتے ہوئے تمام مسافر فوراً گاڑی سے باہر نکل آئے۔ محض چند لمحوں بعد کار میں زوردار آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی کو لپیٹ میں لے لیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی کاسرگوڈ سے فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا لیکن گاڑی میں موجود تمام قیمتی اشیاء مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں جن میں نقدی رقم، تقریباً چار تولے سونے کے زیورات، دو موبائل فون اور ایک کیمرہ شامل تھے
ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان نے ڈیڑھ ماہ قبل ہی مذکورہ کار، جو سی این جی سے چلنے والی تھی خریدی تھی۔ حادثے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے لیکن اس طرح کے واقعات وقفہ وقفہ سے ملک بھر سے سامنے آتے رہتے ہیں جس سے مسافروں میں تشویش کی لہر دوڑ جاتی ہے۔