کاسرگوڈ (پی ٹی آئی کے شکریہ کے ساتھ) بل ادا نہ کرنے پر اپنے گھر کی بجلی منقطع کیے جانے سے ناراض ایک شخص نے غصّے میں آکر سات ٹرانسفارمروں کے فیوز نکال دیے، جس کے نتیجے میں کاسرگوڈ شہر کے کئی علاقوں میں اچانک بجلی بند ہوگئی۔ واقعہ جمعہ کی شام تقریباً 6:45 بجے پیش آیا، جس سے کاسرگوڈ شہر اور اس کے مضافات متاثر ہوئے۔
KSEB کے ایک اہلکار نے بتایا کہ چند ہی منٹوں میں لوگوں کی جانب سے بجلی بند ہونے کی متعدد کالز موصول ہوئیں، لیکن لائن چیک کرنے پر کوئی خرابی سامنے نہیں آئی۔ بعد ازاں ٹرانسفارمروں کے معائنے کے دوران پتہ چلا کہ فیوز جان بوجھ کر نکالے گئے تھے۔
اہلکار کے مطابق ٹرانسفارمروں کے قریب ہمیں فیوز ملے، جن میں کچھ ٹوٹے ہوئے تھے۔ مجبوراً ہمیں اضافی فیوز استعمال کر کے تقریباً رات 8 بجے بجلی بحال کرنی پڑی۔
مقامی رہائشیوں نے عملے کو بتایا کہ انہوں نے ایک شخص کو فیوز ہٹاتے ہوئے دیکھا ہے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ وہ شخص نیلی کوزی سیکشن کے تحت رہائشی ہے اور وہ اسی روز سیکشن آفس میں بھی آیا تھا جہاں اس نے بل نہ بھرنے پر بجلی کٹنے کے خلاف شور شرابہ کیا تھا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس نے شخص کو پکڑ کر پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے دماغی صحت کے مسائل درپیش ہیں اور وہ اپنے بوڑھے والد کے ساتھ رہ رہا ہے۔
پولیس نے واضح کیا کہ کیس اسی وقت درج کیا جائے گا جب KSEB باضابطہ شکایت درج کرے گا۔ KSEB حکام کے مطابق متعدد فیوز کے نقصان اور ایک گھنٹے سے زیادہ کی بجلی بندش کے باعث ہفتے کے روز شکایت جمع کرائی جائے گی۔




