ہوناور : لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیشِ نظر نیشنل ہائی وے 66 پر یکطرفہ ٹریفک نافذ

کاروار (فکروخبر نیوز) ضلع اتر کنڑا میں مسلسل موسلادھار بارش اور مانسون کے دوران پیش آنے والے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر ضلع انتظامیہ نے کاروار تعلقہ کے بینگا اور ارگا کے درمیان قومی شاہراہ 66 (NH-66) پر عارضی طور پر یکطرفہ ٹریفک (One-Way Traffic) نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ضلع انتظامیہ کے مطابق بینگا کاری دیواستھانا سے ارگا مہادیواستھانا کراس تک شاہراہ کے اطراف واقع پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے نتیجے میں مٹی، پتھروں اور ملبے کے سڑک پر گرنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس سے مسافروں اور سواروں کی جان و مال کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ اسی خدشے کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے لکشمی پریا کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق 4 جولائی سے مانسون سیزن کے اختتام تک مذکورہ شاہراہ حصے میں ٹریفک کی آمد و رفت یکطرفہ رہے گی۔ انتظامیہ نے عوام اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری ہدایات پر عمل کریں اور سفر کے دوران متبادل راستوں اور ٹریفک انتظامات سے متعلق معلومات حاصل کرتے رہیں۔

شیئر کریں۔