کاروار(فکروخبرنیوز) کاروار میں واقع مشہور رویندر ناتھ ٹیگور بیچ پر ایک بڑا حادثہ اس وقت ٹل گیا جب مقامی نوجوانوں نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے سمندر میں ڈوبتے ہوئے دو سیاحوں کو بحفاظت بچا لیا۔
اطلاعات کے مطابق آج صبح سیاحوں کا ایک گروپ ساحلِ سمندر کی سیر کے لیے پہنچا تھا۔ مونسون کے قریب ہونے کی وجہ سے سمندر میں طغیانی ہے اور لہریں کافی بلند اٹھ رہی ہیں، لیکن اس خطرے سے بے خبر دو بچے پانی میں اتر گئے۔ اچانک لہروں کے تیز بہاؤ کی وجہ سے دونوں بچے گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوبنے لگے۔
عین اسی وقت ساحل پر کرکٹ کھیل رہے مقامی نوجوانوں گوتم بانولی، سائی ناتھ، وگنیش، امن اور اجے نے جب سیاحوں کی چیخ و پکار سنی تو وہ فوراً حرکت میں آگئے۔ ان نوجوانوں نے کمال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بپھری ہوئی لہروں کے درمیان سمندر میں چھلانگ لگا دی اور ڈوبتے ہوئے دونوں بچوں کو بحفاظت ساحل پر نکال لائے۔
بچوں کی جان بچ جانے پر ان کے اہل خانہ نے سکون کا سانس لیا اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ان جانباز نوجوانوں نے سیاحوں کو مشورہ دیا کہ بارش کا موسم شروع ہو رہا ہے اور سمندر کی لہریں انتہائی خطرناک ہیں، لہٰذا کوئی بھی پانی میں اترنے کی غلطی نہ کرے۔ مقامی نوجوانوں کی اس بروقت ہمت اور جرات مندی کی سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں بڑے پیمانے پر ستائش کی جا رہی ہے۔



