کاسرگوڈ : کمرشیل کامپلیکس میں لگی آگ پر چار گھنٹے بعد قابو پایا گیا

کاسرگوڈ : پرلا مارکیٹ ٹاؤن میں آدھی رات کو لگنے والی آگ سے بدیاڈکا-پتور روڈ کے ساتھ واقع ایک تجارتی عمارت میں پانچ دکانوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔

متاثرہ دکانوں میں پوجا فینسی، پائیگالا کلاتھ اسٹور، پیپر ڈسٹری بیوشن سینٹر، پروین آٹوموبائل، سادات اسٹور اور گوتم کولڈ ہاؤس شامل ہیں۔ آدھی رات کے قریب لگنے والی آگ کے بعد مقامی لوگوں کی جانب سے فوری کارروائی کی گئی، جنہوں نے فائر سروس کے اہلکاروں کو اطلاع دیتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔

آگ قریبی عمارتوں تک پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر کاسرگوڈ اور منجیشور سے پانچ فائر انجنوں کو تعینات کیا گیا تھا۔ چار گھنٹے کی انتھک کوششوں کے بعد فائر فائٹرز نے مقامی لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا۔

اگرچہ آگ لگنے کی اصل وجہ کا ابھی تک تعین نہیں ہوسکا ہے تاہم شبہ ہے کہ حادثہ کی وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ ہے۔