بنگلورو (فکروخبرنیوز) ریاست کرناٹک میں 22 ستمبر سے 7 اکتوبر 2025 تک "ریاستی سماجی اور تعلیمی سروے – 2025” کیا جائے گا۔ اس سروے کا مقصد ریاست کے تمام لوگوں کے سماجی و تعلیمی حالات کو سمجھنا اور مستقبل کی پالیسیوں کے لیے بنیادی معلومات فراہم کرنا ہے۔ اس سروے کے دوران ہر گھر کے ممبر کے آدھار کارڈ کو موبائل نمبر سے جوڑنا ضروری ہوگا تاکہ ای-کے وائی سی عمل کے تحت او ٹی پی موبائل پر موصول ہو سکے۔
سروے میں خاندان کے ہر فرد کے آدھار کارڈ یا راشن کارڈ، ووٹر شناختی کارڈ، UID کارڈ یا معذوری کی صورت میں سرٹیفکیٹ ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔ اگر آدھار کارڈ یا موبائل نمبر جوڑا نہ گیا ہو تو فوری طور پر انرولمنٹ سینٹر جا کر رجسٹریشن کروانی ہوگی۔ سروے میں تقریباً 60 سوالات شامل ہوں گے جن میں کاروبار، ملازمت، تعلیمی قابلیت، آمدنی، جائیداد، مذہب ، ذات، اور قبیلہ وغیرہ سے متعلق معلومات طلب کی جائیں گی۔
ریاستی پسماندہ طبقات کمیشن کی جانب سے سروے کی کامیابی کے لیے گریجویٹ طلباء کے ذریعے آگاہی مہم چلانے اور تمام شہریوں کو ذمہ داری کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ مزید معلومات اور مدد کے لیے کمیشن کے ہیلپ لائن نمبر 8050770004 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے یا سائٹ kscbc.karnataka.gov.in سے بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہے۔ رجسٹریشن کے لیے واٹس ایپ نمبر 63617-89579 پر "ہیلو” بھیج کر حصہ لیا جا سکتا ہے۔




