شیوموگا : کرناٹک کے ضلع شیوموگا میں نیشنل ہائی وے کے تحت بننے والے انفراسٹرکچر منصوبے کی افتتاحی تقریب ایک سیاسی تنازعے کا سبب بن گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سدارامیا نے مرکزی وزیر برائے سڑک و ٹرانسپورٹ نتن گڈکری کو خط لکھ کر اعتراض کیا ہے کہ 14 جولائی کی تقریب میں ان سے نہ تو کوئی مشاورت کی گئی اور نہ ہی انہیں باضابطہ طور پر مدعو کیا گیا، اس کے باوجود ان کا نام کارڈ کے ڈرافٹ میں شامل کر دیا گیا۔
سدارامیا نے وزارت کو لکھے گئے خط میں کہا کہ یہ بات میرے علم میں آئی ہے کہ شیوموگا ضلع کے ساگر تعلقہ میں قومی شاہراہ کے ایک بڑے منصوبے کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی ہے، اور میرا نام کارڈ میں شامل ہونے کے باوجود نہ تو مجھے دعوت دی گئی، نہ مشورہ کیا گیا، نہ کوئی بریفنگ دی گئی۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے موقف اختیار کیا کہ ریاستی حکومت کو 11 جولائی کو باضابطہ دعوت نامہ بھیجا گیا تھا، اور اس کے ساتھ ہی ایک فالو اپ خط میں یہ آپشن بھی دیا گیا کہ وزیراعلیٰ اگر چاہیں تو ورچوئل طریقے سے تقریب میں شرکت کر سکتے ہیں۔
یہ تنازع اس وقت مزید توجہ حاصل کر رہا ہے جب ریاست میں کانگریس کی قیادت میں پہلے ہی مختلف سیاسی حلقے وزیراعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار کے درمیان اقتدار کی رسہ کشی کی چہ مگوئیاں کر رہے ہیں۔ ایسے میں ایک اہم مرکزی تقریب میں مشاورت کے بغیر وزیراعلیٰ کو شامل کرنا یا نظر انداز کرنا ایک اور سیاسی پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔




