نئی دہلی (فکروخبرنیوز) کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارامیا نے اعلان کیا ہے کہ ریاست میں ذات پر مبنی نئی مردم شماری کا آغاز کیا جا رہا ہے، جسے آئندہ 90 دنوں میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ دہلی میں کانگریس ہائی کمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کی موجودہ سماجی اور اقتصادی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ ضروری سمجھا گیا۔
سدارامیا نے بتایا کہ راہل گاندھی سے ملاقات کے دوران ریاست کی ترقی، سماجی ڈھانچے اور پرانی مردم شماری رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کے مطابق، "موجودہ رپورٹ تقریباً دس سال پرانی ہو چکی ہے اور زمینی حقائق میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے،اسی لیے ایک تازہ اور تفصیلی مردم شماری ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پچھلی مردم شماری رپورٹ پر بعض حلقوں کی جانب سے اعتراضات سامنے آئے تھے، جنہیں سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔ ہماری حکومت کا یقین ہے کہ درست اعداد و شمار ہی پالیسی سازی میں شفافیت اور سماجی انصاف کو یقینی بنا سکتے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے چناسوامی اسٹیڈیم میں پیش آئے بھگدڑ کے افسوسناک واقعے پر بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا، جس میں 11 افراد جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک المناک سانحہ ہے، اور حکومت نے فوری اقدامات کرتے ہوئے سی آئی ڈی کے تحت تفتیشی کارروائی کا آغاز کیا ، جسٹس کنہا کمیشن کے تحت عدالتی جانچ کا اعلان کیا ، متعلقہ پولیس افسران کو معطل کیا اور ریاست کے انٹیلیجنس چیف کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ جیسے ہی جانچ رپورٹ سامنے آئے گی، اس کی روشنی میں مزید قانونی اور انتظامی فیصلے لیے جائیں گے۔