کرناٹک : کسانوں کے وفد کی وزیراعلیٰ سے ملاقات : 38,000 جھیلوں کی صفائی اور فصل نقصان کا معاوضہ دینے کا مطالبہ

بنگلورو: کرناٹک کے کسان رہنماؤں کے ایک وفد نے جمعرات کو وزیر اعلیٰ سدارامیا سے ملاقات کی اور زراعتی شعبے کے مسائل پر فوری توجہ دینے کی اپیل کی۔

یہ وفد میسورو کے کُروبر شانتا کمار (صدر، اسٹیٹ شوگر کین گروورس ایسوسی ایشن) کی قیادت میں آیا تھا۔ رہنماؤں نے بھاری بارش سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات، گنے کی کم امدادی قیمت، بقایاجات کی عدم ادائیگی اور آبپاشی و زمین کے حصول سے متعلق مسائل کو اجاگر کیا۔

کسان رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ریاست میں 38,000 جھیلوں کی صفائی کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے تاکہ زرعی زمینوں کو پانی کی سپلائی یقینی بنائی جاسکے۔ بڑھتی ہوئی لاگت کے پیش نظر انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ 26-2025 کے لیے گنے پر مرکزی سطح کے "فیئر اینڈ ریمونریٹو پرائس” (FRP) کے علاوہ ریاستی سطح پر اضافی مشاورتی قیمت (SAP) بھی طے کی جائے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ24-2023 میں گنے پر فی ٹن 150 روپے اضافی دینے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اب تک ادائیگی نہیں کی گئی۔ وفد نے فوری بقایاجات کلیئر کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ فصلوں کے نقصان کا سائنسی جائزہ لے کر بارانی فصلوں کے لیے فی ایکڑ 25,000 روپے اور آبپاشی والی فصلوں کے لیے فی ایکڑ 40,000 روپے معاوضہ دینے پر زور دیا۔

کسان رہنماؤں نے یہ بھی کہا کہ کرناٹک انڈسٹریل ایریاز ڈیولپمنٹ بورڈ (KIADB) کی طرف سے حاصل کی گئی جو زرعی زمین گزشتہ 25 برسوں سے غیر استعمال شدہ پڑی ہے، اسے دوبارہ کسانوں کو واپس کیا جائے۔

حکومت کے ایم ایس پی اسکیم کے تحت دھان، راگی اور جَوَار کی خریداری کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے وفد نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ خریداری کے عمل میں کسان پروڈیوسر آرگنائزیشنز (FPOs) کو بھی کوآپریٹیو سوسائٹیوں اور سیلف ہیلپ گروپس کے ساتھ شامل کیا جائے۔

اس موقع پر کُروبر شانتا کمار کے ساتھ بالور روی کمار (جنرل سکریٹری، کرناٹک راجیہ ریتھا سنگھا)، کریباسپا گوڈا (صدر، حصیرو سینے)، اتہالی دیوراج (اسٹیٹ آرگنائزنگ سکریٹری)، این ایچ دیواکمار (اسٹیٹ نائب صدر)، براداناپورا ناگراج (ضلعی جنرل سکریٹری) اور دیگر ضلع سطح کے رہنما موجود تھے۔

ووٹ چوری معاملہ :راہل گاندھی نے پریس کانفرنس میں سیدھے الیکشن کمشنر پر لگائے سنگین الزامات

بہار اور کیرالہ کے بعد اب کرناٹک میں جلد شروع ہوگا ایس آئی آر