کرناٹک :خصوصی عدالت نے وزیرخزانہ نرملا سیتارمن کے خلاف ایف درج کرنے کادیا حکم

بنگلورو: بنگلورو کی خصوصی عدالت نے مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور دیگر کے خلاف انتخابی بانڈز کے ذریعے جبری وصولی کے الزام میں ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ جن ادھیکار سنگھرش پریشد (جے ایس پی) کے شریک چیئرمین آدرش ایئر نے بنگلورو میں عوامی نمائندوں کی خصوصی عدالت میں شکایت درج کرائی تھی اور مرکزی وزیر نرملا سیتارامن کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت مانگی تھی۔ انہوں نے شکایت کی تھی کہ انتخابی بانڈز کے ذریعے ڈرا دھمکا کر بھتہ خوری کی گئی۔
اس عرضی پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے تلک نگر پولیس اسٹیشن کو انتخابی بانڈز کے ذریعے جبری وصولی کے الزام کی ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ جن ادھیکار سنگھرش پریشد نے 42 ویں اے سی ایم ایم کورٹ میں نرملا سیتا رمن، ای ڈی حکام، جے پی نڈا، نلین کمار کٹیل، بی جے پی کرناٹک کے سابق صدر بی وائی وجیندرا اور بی جے پی کرناٹک کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ شکایت پر غور کرتے ہوئے عدالت نے بنگلورو کی تلک نگر پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ نے الیکٹورل بانڈز کی ایس آئی ٹی جانچ کی مانگ کو مسترد کر دیا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ابھی تحقیقات کی ضرورت نہیں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سال 15 فروری کو سپریم کورٹ نے الیکٹورل بانڈ اسکیم کو منسوخ کر دیا تھا۔ سیاسی جماعتوں کو الیکٹورل بانڈز کے ذریعے فنڈز دیا جاتا تھا لیکن اس کا انکشاف نہیں کیا جاتا تھا۔