کرناٹک میں کانگریس حکومت کا تاریخی فیصلہ

کرناٹک کی سدارمیا حکومت نے آج ایک تاریخی فیصلہ لیتے ہوئے درج فہرست ذات زمرہ کے اندر داخلی ریزرویشن کو منظوری دے دی۔ کرناٹک کے وزیر قانون اور وزیر پارلیمانی امور ایچ کے پاٹل نے کابینہ میٹنگ کے بعد اسمبلی میں یہ جانکاری سبھی کے سامنے رکھی۔ انھوں نے اس فیصلے کو تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے سبکدوش جج کی صدارت میں ایک کمیشن تشکیل کر رپورٹ طلب کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ رپورٹ ملنے اور ڈاٹا و حقائق کا تجزیہ کرنے کے بعد ہی مزید آگے قدم بڑھایا جائے گا۔

ایچ کے پاٹل کا کہنا ہے کہ کمیشن کو تین مہینے میں رپورٹ سونپنے کے لیے کہا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے ایس سی (درج فہرست ذات) زمرہ کے اندر داخلی ریزرویشن دینے کی ہدایت پہلے ہی جاری کر دی تھی۔ اس سے متعلق وزیر اعلیٰ سدارمیا کی صدارت میں ریاستی کابینہ میں تفصیلی گفتگو ہوئی اور ایس سی زمرہ میں داخلی ریزرویشن فراہم کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ اس فیصلے کو پیش نظر رکھتے ہوئے فی الحال مستقبل کی بھرتیوں کو روک دیا گیا ہے۔

وزیر قانون پاٹل نے بتایا کہ آج سے اگر کوئی نوٹیفکیشن جاری کیا جاتا ہے تو سبکدوش ہائی کورٹ کے جج کی رپورٹ کی بنیاد پر فیصلہ لیا جائے گا۔ اہم دلت لیڈر، سماجی فلاح کے وزیر ایچ سی مہادیوپا، آر ڈی پی آر، آئی ٹی و بی ٹی وزیر پریانک کھڑگے اور وزیر برائے خوردنی اشیا کے ایچ منیپا نے میڈیا بریفنگ میں حصہ لیا اور کہا کہ فیصلہ اتفاق رائے سے لیا گیا ہے۔