کرناٹک : کالج میں کشمیری طلباء کے داڑھی رکھنے پر تنازعہ

ہاسن،کرناٹک: کرناٹک کے ایک سرکاری نرسنگ کالج میں زیر تعلیم جموں و کشمیر کے طلباء کو لمبی داڑھی رکھنے پر پریشان کئے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ تاہم کالج انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ تنازعہ کو خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا ہے۔

انسٹی ٹیوٹ میں طلباء کے ساتھ اس نازیبہ سلوک اس وقت سامنے آیا جب جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو ہاسن ضلع کے ہولیناراسی پورہ میں کالج میں طلباء کو درپیش اہم چیلنجوں پر خط لکھا۔

حاسن انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راجنا نے کہا کہ طلباء کے کالج انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے پر رضامندی کے بعد یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے سرکاری نرسنگ کالج میں تقریباً 40 کشمیری طلباء ہیں۔ ان طلباء نے الزام لگایا ہے کہ انہیں اہم چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے سرینگر میں قائم جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔

ایسوسی ایشن نے کہا کہ، "یہ ہمارے نوٹس میں آیا ہے کہ کالج میں دو درجن سے زیادہ کشمیری طلباء کو ان کی ذاتی ظاہری شکل سے متعلق پابندی والی پالیسیوں کی وجہ سے اہم چیلنجوں کا سامنا ہے۔”

ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ کو لکھا کہ، کالج انتظامیہ مبینہ طور پر کشمیری طلباء کو مجبور کر رہی ہے کہ وہ یا تو اپنی داڑھی کو ’01’ ٹرمر لمبائی تک تراشیں یا پوری داڑھی کٹوالیں۔ ایسوسی ایشن کے مطابق طلباء کو ایسا کرنے پر کالج کی سرگرمیوں میں حصہ لینے یا احاطے میں داخل ہونے کی اجازت دیے جانے کی دھمکی دی گئی ہے۔

ایسوسی ایشن نے الزام لگایا کہ جن طلباء کی داڑھی ہے انہیں طبی ڈیوٹی کے دوران غیر حاضر قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ان کے تعلیمی ریکارڈ اور حاضری متاثر ہو رہی ہے۔

ایسوسی ایشن نے کہا، "ذاتی ظاہری شکل کا حق، بشمول داڑھی بڑھانے کا انتخاب، ایک فرد کی آزادی اور شناخت کا بنیادی پہلو ہے۔”

جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ، "کسی بھی طالب علم کو تعلیم تک رسائی کے لیے اس طرح کے امتیازی سلوک کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے یا اسے اپنے عقائد اور طریقوں سے سمجھوتہ کرنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف ان طلبہ کے حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے بلکہ خوف کی فضا بھی پیدا ہوتی ہے، جو تعلیم کی روح اور جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔” ،”

تاہم، حاسن انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راجنا نے ایسوسی ایشن کے الزامات کو مسترد کر دیا۔

انہوں نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ، "ان طلباء نے گندے لباس اور لمبی داڑھی رکھنے کے بارے میں دی گئی ہدایات کو غلط سمجھا ہے۔ طبی عمل کے دوران انہیں اپنے لباس کو صاف ستھرا رکھنے اور داڑھی کو تراشنے کی ہدایت دی گئی تھی۔”

راجنا نے کہا کہ جب انہیں اس معاملے کا علم ہوا تو انہوں نے طلباء سے بات چیت کی، جو بعد میں صاف ستھرے لباس کے ساتھ آنے، وقت کی پابندی کرنے اور داڑھی کو تراشنے پر راضی ہو گئے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ، "مسئلہ اب حل ہو گیا ہے۔ اس وقت 40 طلباء ہیں۔ طلباء اپنے ہاسٹلز میں خوش ہیں۔ اساتذہ اور پرنسپل نے کمروں کا دورہ کیا ہے اور طلباء کی کونسلنگ کی ہے،”۔