بنگلورو (فکروخبر نیوز) کرناٹک میں جاری ایس آئی آر (SIR) کے دوران 2.41 لاکھ سے زائد ایسے ووٹرز کو تفصیلی جانچ کے بعد درست قرار دے دیا گیا ہے جنہیں ابتدائی طور پر ASDDO زمرے میں ممکنہ طور پر فہرست سے خارج کیے جانے کے لیے نشان زد کیا گیا تھا۔ تصدیق کے بعد ان ووٹرز کے نام ووٹر فہرست میں برقرار رکھے گئے ہیں، جس سے متعلقہ ووٹرز کو بڑی راحت ملی ہے۔
انتخابی حکام کے مطابق 5 اگست کو ASDDO زمرے میں شامل ووٹرز کی تعداد 1,11,16,386 تھی، جو تصدیقی عمل مکمل ہونے کے بعد 12 اگست تک کم ہوکر 1,08,75,304 رہ گئی۔ اس طرح 2,41,082 ووٹرز کو دوبارہ تصدیق کے بعد درست پایا گیا اور انہیں فہرست سے خارج نہیں کیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ عمل بوتھ لیول افسران (BLOs) اور سیاسی جماعتوں کے بوتھ لیول ایجنٹس (BLAs) کی مشترکہ کوششوں سے انجام دیا گیا۔
کرناٹک کے چیف الیکٹورل آفیسر وی انبوکمار نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ووٹر اسٹیٹس کی جانچ صرف الیکشن کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے کریں۔ اگر کسی ووٹر کو شبہ ہو کہ اس کا نام غلط طور پر ASDDO زمرے میں شامل کیا گیا ہے تو وہ 17 اگست تک اپنے متعلقہ بوتھ لیول افسر (BLO) سے رابطہ کرکے ضروری اصلاح کروا سکتا ہے۔
انتخابی پروگرام کے مطابق SIR کے بعد نظرثانی شدہ مسودہ ووٹر فہرست 24 اگست 2026 کو جاری کی جائے گی۔ یکم اکتوبر 2026 تک 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے اہل شہری فارم 6 کے ذریعے اپنا نام ووٹر فہرست میں شامل کرانے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اسی طرح 23 ستمبر تک موصول ہونے والی فارم 6، 7 اور 8 کی درخواستوں کو حتمی فہرست کی تیاری کے دوران شامل کیا جائے گا، جبکہ حتمی ووٹر فہرست 27 اکتوبر 2026 کو شائع کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ASDDO سے مراد ایسے ووٹرز کا زمرہ ہے جنہیں ابتدائی جانچ میں Absent (غیر حاضر)، Shifted (مستقل منتقل شدہ)، Dead (متوفی) یا Duplicate (دوہری اندراج) ہونے کے امکان کی بنیاد پر نشان زد کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں نام شامل ہونا خود بخود ووٹر کا نام حذف ہونے کا مطلب نہیں ہے؛ تصدیق کے بعد درست پائے جانے والے ووٹرز کو فہرست میں برقرار رکھا جا رہا ہے۔




