بنگلورو : کرناٹک حکومت نے ریاست کی مشہور ‘گروہا جیوتی’ اسکیم کے استفادہ کنندگان کی گھر گھر جا کر کی جانے والی ازسرنو تصدیق (Re-verification) کی آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ اب یہ سروے 31 اگست کے بجائے 30 ستمبر 2026ء تک جاری رہے گا۔ بنگلورو سمیت ریاست کے کئی علاقوں میں سروے مکمل کرنے میں درپیش چیلنجز کے پیش نظر یہ اہم فیصلہ لیا گیا ہے۔
محکمہ بجلی کے ذرائع کے مطابق جولائی 2023ء میں شروع کی گئی اس مفت بجلی اسکیم کے مستحقین کی تصدیق کا عمل جولائی 2026ء میں شروع کیا گیا تھا۔ مقررہ تاریخ تک صرف 70 فیصد کے قریب کام مکمل ہونے کی وجہ سے حکومت نے ڈیڈ لائن میں توسیع کا فیصلہ کیا تاکہ کوئی بھی مستحق شہری اس فائدے سے محروم نہ رہے۔ واضح رہے کہ کانگریس حکومت کی اس گارنٹی اسکیم کے تحت گھریلو صارفین کو 200 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کی جاتی ہے تاہم بعض تجارتی مقاصد اور غیر مقیم افراد کی جانب سے اسکیم کے غلط استعمال کی شکایتوں کے بعد حکومت نے گھر گھر تصدیق کا حکم دیا تھا۔
ریاست کی مختلف بجلی سپلائی کمپنیوں کے اعداد و شمار کے مطابق بنگلور الیکٹرسٹی سپلائی کمپنی (BESCOM) کے تحت آنے والے 68 لاکھ استفادہ کنندگان میں سے 31 اگست تک تقریباً 46.7 لاکھ (67 فیصد) کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اسی طرح منگلور ، ہبلی ، گلبرگہ اور چامنڈیشوری الیکٹرسٹی کمپنیوں کے تحت بھی تصدیقی عمل تیزی سے جاری ہے۔




