بھٹکل (فکروخبر نیوز) کرناٹک کی ڈی کے شیوکمار حکومت میں طویل انتظار کے بعد وزراء کے قلمدانوں کی تقسیم مکمل ہوگئی، جس کے بعد اتر کنڑا ضلع کے حوالے سے دو اہم فیصلے سامنے آئے ہیں۔ بھٹکل کے رکن اسمبلی منکال وئیدیا کو کابینہ میں جگہ دینے کے بجائے کرناٹک اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر کی تجویز ہے جس کا حتمی اعلان ابھی باقی ہے جبکہ ہلیال۔جوئیڈا کے نو مرتبہ رکن اسمبلی اور ریاست کے سینئر سیاست دان آر وی دیش پانڈے کو کابینہ درجے کے ساتھ انتظامی اصلاحات کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
مختلف ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق منکال وئیدیا نئی کابینہ میں وزارتی قلمدان حاصل کرنے والوں میں شامل نہیں ہیں اور انہیں ڈپٹی اسپیکر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ فیصلہ خاص طور پر بھٹکل اسمبلی حلقے کے سیاسی حلقوں کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ وئیدیا اس سے قبل ریاستی حکومت میں وزیر برائے ماہی گیری، بندرگاہیں اور اندرونِ ریاست آبی نقل و حمل کے قلمدان سنبھال چکے ہیں۔
دوسری جانب آر وی دیش پانڈے کو انتظامی اصلاحات کمیشن کی سربراہی برقرار رکھتے ہوئے کابینہ وزیر کا درجہ دیا گیا ہے۔ سرکاری نوعیت کی فہرست میں یہ تقرری نئی وزارتی تقسیم سے الگ درج کی گئی ہے۔ دیش پانڈے کرناٹک کے طویل عرصے سے سرگرم اور تجربہ کار سیاست دانوں میں شمار ہوتے ہیں اور ہلیال اسمبلی حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں۔
نئی کابینہ میں وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے وزارتِ خزانہ سمیت متعدد اہم قلمدان اپنے پاس رکھے ہیں، جبکہ مختلف وزراء کو سماجی بہبود، اقلیتی بہبود، صحت، تعلیم، آب پاشی، جنگلات، محنت و روزگار سمیت دیگر محکمے تفویض کیے گئے ہیں۔ یوں اتر کنڑا کے حوالے سے منکال وئیدیا کا ڈپٹی اسپیکر بننا اور آر وی دیش پانڈے کا کابینہ درجے کے ساتھ انتظامی اصلاحات کمیشن کی سربراہی سنبھالنا نئی سیاسی تشکیل کے نمایاں فیصلوں میں شامل ہے۔




