بنگلورو(فکروخبرنیوز) کرناٹک کابینہ نے بلگام کے تاریخی ‘سورنا ودھان سودھا’ میں منعقد ہونے والے ریاستی قانون ساز اسمبلی کے آٹھ روزہ سرمائی اجلاس کے لیے 2 سے 11 دسمبر 2026ء کی تاریخوں کی منظوری دے دی ہے۔ اس سے قبل حکومت نے اس اجلاس کا آغاز 30 نومبر سے کرنے کی تجویض پیش کی تھی، جسے اب مؤخر کر دیا گیا ہے۔ یہ اہم فیصلہ جمعرات کو ودھان سودھا میں وزیراعلٰی ڈی کے شیوکمار کی صدارت میں منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس کے دوران لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق، کابینہ نے ابتدائی اجلاس میں 30 نومبر سے 11 دسمبر کے درمیان کل 10 دنوں کا سرمائی سیشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے مطابق، متعلقہ محکمہ نے حتمی منظوری اور شاہی دستخط کے لیے فائل گورنر کے پاس بھیج دی تھی۔ تاہم حکومت کی جانب سے موصول ہونے والی نئی ہدایات کے بعد محکمے نے گورنر سے فائل واپس منگوائی اور اجلاس کی تاریخوں میں ترمیم کی گئی۔
ترمیم شدہ نئی تجویز کے تحت 2 دسمبر کو اجلاس کا پہلا دن مقرر کیا گیا ہے اور اس ترمیم شدہ فائل کو حتمی کارروائی کے لیے چیف سکریٹری ڈاکٹر شالنی رجنیش کو بھیج دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بلگام کے سورنا ودھان سودھا میں ہر سال منعقد ہونے والا یہ سرمائی اجلاس شمالی کرناٹک کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مطالبات پر بحث کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔




