بیندور (فکروخبر نیوز) بیندورتعلقہ میں واقع شیرور کے انڈین پٹرول بنک کے قریب پیر کی رات پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ مہلوکین کی شناخت اُپندا کے جنتا کالونی کے رہنے والے ابھیشیک کھاروی (23) اور پروین کھاروی (23) کے طور پر کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق دونوں نوجوان اپنے ایک دوست کی موٹر سائیکل لے کر اُپندا سے شیرور ٹول گیٹ کے قریب واقع ایک چائے کی دکان کی طرف جارہے تھے۔ بتایا جارہا ہے کہ موٹر سائیکل تیز رفتاری سے چلائی جارہی تھی کہ اچانک ڈرائیور کا گاڑی پر قابو نہ رہا اور موٹر سائیکل پہلے سڑک کے درمیان واقع ڈیوائیڈر سے ٹکرائی، جس کے بعد قومی شاہراہ پر نصب سائن بورڈ سے جاٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ موٹر سائیکل کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں دونوں نوجوانوں کے سروں پر شدید چوٹیں آئیں، جس کے نتیجے میں دونوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
معلوم ہوا ہے کہ دونوں نوجوان معاشی طور پر کمزور گھرانوں سے تعلق رکھتے تھے۔ پروین کھاروی بنگلورو میں ایک چھوٹی دکان چلاتے تھے، جبکہ ابھیشیک کھاروی ماہی گیر تھے۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر بیندور پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔




