بنگلورو، یکم مارچ: مشرقِ وسطیٰ میں ایران اوراسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر سدارامیا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ریاستی حکومت بیرونِ ملک مقیم کناڈیگا باشندوں، خصوصاً دبئی میں موجود افراد کی حفاظت اور واپسی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ جنگ زدہ یا کشیدہ حالات والے علاقوں میں مقیم کرناٹک کے شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے دہلی میں ریاست کے رہائشی کمشنر سے بھی رابطہ قائم کر کے امدادی اور انخلائی کوششوں کو مربوط بنانے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مشرقِ وسطیٰ کے ممالک بشمول اسرائیل، متحدہ عرب امارات، ایران اور قطر میں مقیم کناڈیگا باشندوں کی سلامتی کو نہایت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ ان کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔
پروازوں کی معطلی، واپسی میں دشواری
مشرقِ وسطیٰ میں فلائٹ سروسز کی عارضی معطلی کے باعث کئی افراد وطن واپسی سے قاصر ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ افراد کو مشورہ دیا کہ وہ مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت
سدارامیا نے اعلان کیا کہ متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کی رہنمائی کے لیے ایک خصوصی ہیلپ لائن قائم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ریاست میں مقیم خاندانوں سے اپیل کی کہ اگر وہ اپنے پیاروں سے فوری رابطہ نہ کر سکیں تو گھبرائیں نہیں، حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ سابق وزیر ناگیندر نے بلاری ضلع سے تعلق رکھنے والے 32 افراد کے دبئی میں پھنسے ہونے کی اطلاع دی ہے۔ ان کی سلامتی اور محفوظ واپسی کے لیے خصوصی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہر کناڈیگا شہری کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور حکومت اس سلسلے میں مسلسل نگرانی اور ضروری کارروائی کر رہی ہے۔
