اریڈا، جاپان :(فکروخبر/ذرائع) جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں جاپان نے ایک نیا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے دنیا کا پہلا 3D پرنٹڈ ریلوے اسٹیشن صرف چھ گھنٹے سے بھی کم وقت میں تیار کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔
یہ کارنامہ ویسٹ جاپان ریلوے کمپنی نے انجام دیا، جس نے اریڈا شہر میں 1948 کے ایک قدیم اسٹیشن کی جگہ نیا ہتسوشیما اسٹیشن تعمیر کیا۔ اسٹیشن کا مکمل ڈھانچہ پہلے کیوشو کے کماموٹو علاقے میں 7 دن میں تیار کیا گیا، جسے بعد میں ٹرک کے ذریعے مقامِ تعمیر تک پہنچا کر صرف ایک رات میں اسمبل کیا گیا۔
اس منصوبے میں جاپانی تعمیراتی فرم سیرینڈکس کا تیار کردہ تھری ڈی مارٹر استعمال کیا گیا۔ کرین کی مدد سے اسٹیشن کے مختلف حصے نصب کیے گئے اور صبح 5:45 بجے پہلی ٹرین کی آمد سے قبل مکمل ڈھانچہ تیار ہو گیا۔
اگرچہ اسٹیشن کی بنیادی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، مگر ٹکٹ مشینیں اور دیگر سسٹمز جولائی تک نصب کر کے مسافروں کے لیے کھولا جائے گا۔
ریلوے حکام کے مطابق روایتی طریقے سے یہی تعمیر دو ماہ سے زائد کا وقت اور دو گنا لاگت لیتی۔
جاپان میں بڑھتی عمر اور کم افرادی قوت جیسے چیلنجز کے پیش نظر یہ ماڈل مستقبل کی تعمیرات کے لیے ایک مؤثر حل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔