بھٹکل: جمیعت الحفاظ بھٹکل کی جانب سے آج بعد عصر عیدگاہ میدان میں کل جنوبی ہند مسابقۂ حفظِ قرآن مجید کے آغاز کے ساتھ نورانی ساعتوں کا بھی آغاز ہوگیا۔ آج بعد عصر سے کل رات دیر گیے ان شاء اللہ یہ نورانی ماحول خیر کی روشنی بکھیرے گا جس کے ذریعہ سے آف لائن اور آن لائن ہزاروں کی تعداد میں لوگ استفادہ کریں گے اور اپنے قلوب کو قرآن مجید کی نور سے منور کریں گے۔ خوبصورت اسٹیج اور عیدگاہ میدان میں تمام تر انتظامات کے ساتھ مسابقہ کا آغاز ہوا۔ حفاظ اپنے مخصوص لب ولہجہ اور دلوں کو چھولینے والے انداز سے اپنی تلاوت سے قلوب کو گرمارہے ہیں۔ ہرآیت ایک نیا پیغام دے رہی ہے اور اپنے اندر ہزاروں کی تعداد میں نیکیاں سموئے ہوئے ہیں جس کا فائدہ جتنا پڑھنے والوں کو ہورہا ہے اتنا ہی سننے والوں کو بھی ہورہا ہے۔
دوروزہ اس مسابقہ کی پہلی نشست بعد عصر تلاوتِ قرآن مجید اور نعت پاک کے بعد شروع ہوئی جس میں اسکول اور کالجز کے حفاظ کے مابین دس پاروں کا مسابقہ ہوا۔ مسابقہ کی دوسری نشست بعد عشاء ساڑھے آٹھ شروع ہوئی جس میں وسطیٰ گروپ کا مسابقہ چل رہا ہے جس میں پندرہ سال تک کے حفاظ شامل ہیں۔ یہ مسابقہ مکمل قرآن مجید ہوگا۔
مسابقہ کے کل چار زمروں میں 39 مساہمین ہیں۔ ہر گروپ کے تین حکم صاحبان اور دو مقری ہیں۔ تین اسکرینیں لگی ہوئی ہیں جس میں دو پر اسٹیج دکھایا جارہا ہے اور ایک اسکرین پر لائیو قرآن بھی دیکھا جاسکتا ہے جس کے ذریعہ عوام بھی قرآن مجید کی تلاوت سننے کے ساتھ ساتھ دیکھ بھی رہے ہیں۔ غلطی کرنے پر جیسے ہی مقری تنبیہ کرتے ہیں اسکرین پر وہی لفظ کا رنگ تبدیل کیا جارہا ہے۔
مسابقہ کی بقیہ دو نشستیں کل بروز جمعرات 2؍ جنوری کو بعد عصر اور بعد عشاء منعقد ہوگی۔