جمعیت الحفاظ بھٹکل کی جانب سے یکم اور 2 جنوری کو منعقد ہونے جارہا ہے مسابقۂ حفظ قرآن مجید : جنوبی ہند کی آٹھ ریاستوں کے حفاظ کریں گے شرکت

بھٹکل(فکروخبرنیوز) جمعیت الحفاظ بھٹکل کی جانب سے یکم اور 2 جنوری بروز بدھ اور جمعرات کل جنوبی ہند سطح کا حفظِ قرآن مسابقہ بھٹکل عیدگاہ میدان میں زیر ِصدارت مولانا نعمت اللہ صاحب عسکری ندوی منعقد ہورہا ہے۔ اس بات کی جانکاری جمعیت کے ذمہ داران نے آج عیدگاہ میدان میں منعقدہ پریس کانفرنس میں دی۔ انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا جنوبی ہند کی آٹھ ریاستوں کرناٹک، کیرالہ ، تامل ناڈو، آندھرا، تلنگانہ، گجرات ، مہاراشٹرا اور گوا کے حفاظ کے مابین یہ مسابقہ ہوگا۔ مساہمین کو چار زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

مسابقہ کی کل چار نشستیں ہوں گی۔

موقع کی مناسبت کو دیکھتے ہوئے اس کی پانچویں نشست کا بھی انعقاد کیا جاسکتا ہے جس کی تفصیلات سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

مساہمین کے انتخاب کے لیے آن لائن اور آف لائن ٹیسٹ جاری ہے۔ اس دوروزہ مسابقہ میں چار زمروں کے لیے چالیس مساہمین کا انتخاب ہونا ہے جس کی حتمی فہرست 31 دسمبر صبح کو جاری کی جائے گی ۔ مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ علیا اور سفلیٰ گروپ میں اول مقام حاصل کرنے والوں کو عمرہ پیکیج دیا جائے گا اور زمرہ 3 میں اول مقام کے لیے 25 ہزار روپیے نقد اور زمرہ 4 کے لیے انعام اول تیس ہزار روپیے ہوں گے۔

مسابقہ کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے ذمہ داران نے کہا کہ حفاظ کو اپنے فرضِ منصبی سے واقف کرانے ، ان کے حفظ کے استحکام کے ساتھ ساتھ گھر گھر قرآنِ مجید کے پیغام کو عام کرنے کے لیے جمعیت الحفاظ بھٹکل اس سے قبل بھی مختلف مسابقے منعقد کرتا آرہا ہے ، یکم اور 2 جنوری کا کل جنوبی ہند کا مسابقہ بھی انہی مقاصد کو سامنے رکھ کر منعقد کیا جارہا ہے۔

اس دوروزہ پروگرام کی کامیابی کے لیے ذمہ داران نے خصوصی دعاؤں کی گذارش ہے اور اسی طرح اس کی جملہ نشستوں میں شرکت کی بھی درخواست کی ہے۔