جامعۃ الصالحات میں اجتماعی قرأت ونعت کا تاریخی مسابقہ

بھٹکل :(فکروخبر/پریس ریلیز) 22/23 جمادی الاخری 1446ھ مطابق 25/26 دسمبر 2024ء بروز بدھ و جمعرات جامعۃ الصالحات جالی روڈ بھٹکل میں شہر کے مدارس واسکولوں اور کالجزکی طالبات کے درمیان اجتماعی قرأت اور نعت کا ایک تاریخی مسابقہ منعقد ہوا جس میں شہر کے مختلف تعلیمی دینی وعصری اداروں سے 76 جماعتوں نے حصہ لیا جن کو سفلی، وسطی اور علیا اجتماعی قرأت ونعت میں شرکت کا موقع ملا، جملہ شریک طالبات کی تعداد 488 تھی۔ بھٹکل کی تاریخ میں طالبات کے درمیان اجتماعی قرأت و نعت کا منعقد ہونے والا یہ منفرد تاریخی مسابقہ تھا جس میں بدھ اور جمعرات صبح تاظہر اور عصر تا مغرب مسلسل دو دنوں میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین نے شرکت کی اور قرآن پاک کی نورانیت و روحانیت سے محظوظ ہوئے۔ سب شرکاء کا مجموعی تاثر تھا کہ تمام اسکولوں و کالجز ومدارس کی طالبات نے الحمد للہ بہترین و دلکش انداز میں اجتماعی قرأت و نعت کا مظاہرہ کیا، اول، دوم، سوم آنے والی طالبات کے درمیان تقریباً دیڑھ لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے گئے اور تمام 488 شرکاء کو بھی خصوصی انعامات مع سرٹیفیکیٹ سے نوازا گیا، مسابقے کی اختتامی نشست میں ناظم جامعۃ الصالحات مولانا محمد الیاس صاحب ندوی نے اس کامیاب مسابقے کے انعقاد پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے جلسے میں موجود خواتین سے موجودہ بگڑتے اخلاقی حالات کے پس منظر میں اپنی بچیوں کو ان کی شادیوں سے پہلے کم از کم ایک دو سال کے لیے لازمی طور پر دینی مدارس میں داخل کرواکر ان کو بنیادی دینی واخلاقی تعلیمات سے آراستہ کرنے کی درخواست کی۔ یاد رہے کہ جامعۃ الصالحات کا قیام آج سے نصف صدی پہلے فخر نوائط جناب الحاج محی الدین منیری صاحب مرحوم کی کوششوں سے عمل میں آیا تھا جو ایک چھوٹے سے درخت سے شروع ہو کر آج الحمد للہ ایک تناور درخت کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ اس کے سلطانی محلہ اور جالی روڈ آزاد نگر میں واقع دو خوبصورت وسیع کیمپس میں اس وقت ساڑھے پانچ سو سے زائد طالبات الحمدللہ شعبہ عا لمیت و شعبہ حفظ میں زیر تعلیم ہیں۔ یہاں سے دسویں، بار ہویں وگریجویٹ طالبات کے لیے مخصوص تین سالہ عا لمیت کے کو رس سے الحمد للہ اب تک ایک ہزار چار سو سے زائد طالبات عا لمیت کی تکمیل کر چکی ہیں اورچار سو (400)سے زائد طالبات نے حفظ کلام اللہ کی تکمیل کی ہے، اس کے علاوہ گزشتہ تین سالوں سے دینی تعلیم سے محروم شادی شدہ وغیرشادی شدہ خواتین اور گریجویٹ طالبات کے لیے مختصر چھ ماہ کا بنیادی دینی تعلیم کا ڈپلومہ ان اسلامک اسٹڈیز کا کورس بھی کامیابی سے چل رہا ہے، جس میں ان کے لیے وقت کی خصوصی رعایت کے ساتھ صرف صبح ساڑھے نو تا ساڑھے بارہ تک درجات میں شرکت کرنی ہوتی ہے۔چار سال کی بچیوں کے لیے مکتب جامعہ کے طرز پر مکتب صالحات کا بھی سلسلہ گزشتہ تین سالوں سے جاری ہے، اسی طرح گزشتہ سال سے بعد نماز عصر تا مغرب جامعۃ الصالحات جا لی روڈ میں پارٹ ٹائم شعبہ حفظ کا بھی قیام عمل میں آیاہے جس میں اسکولوں و کالجز کی طالبات اور گھریلو خواتین کے لیے دو گھنٹے کے خصوصی حفظ کلاسز کا میابی سے جاری ہیں۔امسال الحمدللہ(69)طالبات عا لمیت کی تکمیل کر رہی ہیں اور سترہ(17)طالبات کی حفظ کی تکمیل ان شاء اللہ ہونے والی ہے، خواتین سے گزارش ہے کہ جامعۃ الصالحات کے مذکورہ بالا چاروں دینی تعلیم کے نظام میں اپنی بچیوں کو داخل فرماکر ممنون فرمائیں۔
اس ہفتہ منعقد ہونے والے مسابقہ اجتماعی قرأت و نعت میں اول، دوم اور سوم آنے والے اسکولوں ومدارس کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہے:
اجتماعی قرات مسابقہ (سفلیٰ):
1 علی پبلک پرائمری اسکول
2اصلاح البنات پرائمری اسکول
3نونہال سینٹر اسکول
اجتماعی قرات مسابقہ (وسطیٰ)
1 علی پبلک گرلز ہائی اسکول
2 انجمن گرلز ہائی اسکول بستی روڈ
3 اصلاح البنات پرائمری اسکول
اجتماعی قرات (علیا)
1 جامعۃ الصالحات جالی روڈ
2 جامعۃ الصالحات سلطانی محلہ
3 جامعۃ الصالحات شعبہ حفظ جالی روڈ
اجتماعی نعت (سفلیٰ)
1 علی پبلک پرائمری اسکول
2الصفہ ماڈل اسکول
3 بی بی مونٹیسری اینڈ پرائمری اسکول
اجتماعی نعت (وسطیٰ)
1 نونہال سینٹرل اسکول
2 مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن
انجمن گرلز انگلش میڈیم ہائی اسکول نوائط کالونی
اجتماعی نعت(علیا)
1 جامعۃ الصالحات شعبہ حفظ سلطانی محلہ
2 جامعۃ الصالحات جالی روڈ
3 جامعۃ الصالحات سلطانی محلہ