جامعہ ضیاء العلوم کنڈور کے شعبۂ عالمیت و افتاء کے فارغین کے اعزاز میں الوداعی تقریب

کنڈلور (فکروخبرنیوز) جامعہ ضیاء العلوم کنڈلورسے امسال شعبۂ عالمیت اور شعبۂ افتاء سے فراغت حاصل کرنےوالے طلبہ کے اعزاز میں جامع مسجد کنڈلور کے احاطہ میں الوداعی جلسہ کا انعقاد کیا گیا جس میں فراغت حاصل کرنے والے طلبہ نے اپنے تأثرات بیان کیے۔ تعلیمی روداد کے پیشی کے دوران بعض طلبہ آبدیدہ ہوگیے۔ طلبہ نے محسنین کا تذکرہ کے دوران خصوصاً والدین اور اساتذہ کی محنتوں اور کاوشوں کا تذکرہ کیا۔ بعض طلبہ کی روداد نے سامعین کو بھی آبدیدہ کردیا۔ طلبہ نے اپنے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے دین کی سربلندی کے لیے کوششیں کرنے اور حق کا پیغام عام کرنے کی جذبات کا بھی اظہار کیا۔

جلسہ کے آخر میں بانی وناظم جامعہ ضیاء العلوم کنڈلور مولانا عبیداللہ ابوبکر ندوی نے کہا کہ آج بھی باصلاحیت علماء کو معاشرہ کو ضرورت ہے جو زمانہ کے نبض شناس ہو اور عوام کی صحیح طور پر دینی رہنمائی کرسکے۔ ماشاء اللہ اس ادارہ کے ذریعہ اب جو خدمات انجام دی جارہی ہے اس کا ثمرہ آج ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔ جس مسجد کے سامنے ہم بیٹھے ہوئے ہیں اس مسجد سے دور دور کے علاقوں سے حفاظ آیا کرتے تھے۔ الحمدللہ آج ہمارے فارغین ان علاقوں میں جاکر دینی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اس موقع پرفارغین کی ہمت افزائی کے لیے علاقہ کے تاجروں کی جانب سے انعامات تقسیم کیے گیے۔