بھٹکل(فکروخبرنیوز) بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے مکتب جامعہ اسلامیہ کارگدے میں نہایت خوبصورت، رنگارنگ اور جدید طرز کی لائبریری کا باضابطہ افتتاح عمل میں آیا۔ یہ لائبریری بچوں کے لیے نہ صرف مطالعے کا بہترین ماحول فراہم کرے گی، بلکہ ان میں کتابوں سے دوستی، مطالعے کا شوق اور سیکھنے کی رغبت بھی پیدا کرے گی۔
افتتاحی پروگرام کا آغاز حافظ سید ثقلین یس کے کی دل نشین تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد عبدالاحد بالور نے خوبصورت نعتِ پاک پیش کی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ استاد جامعہ مولانا سعود شینگیٹی نے انجام دیے۔
اس پُر وقار تقریب میں ناظم جامعہ، مہتمم جامعہ اور دیگر ذمہ داران جامعہ نے خصوصی شرکت فرمائی۔ شرکاء نے نئی لائبریری کے ڈیزائن، ترتیب اور ماحول کو دیکھ کر اپنی مسرت کا اظہار کیا اور اسے مکتب کے لیے نہایت مفید پیش رفت قرار دیا۔
لائبریری کا افتتاح جامعہ اسلامیہ کے نائب صدر ماسٹر شفیع صاحب شاہ بندری کے ہاتھوں عمل میں آیا، جنہوں نے اس منصوبے کی تکمیل پر انتظامیہ کو مبارک باد دی اور دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ اس لائبریری کو علم و حکمت کا مرکز بنائے، اور یہاں پڑھنے والے بچوں کو دین و دنیا میں ترقی عطا فرمائے۔
اسی طرح ناظم جامعہ مولانا طلحہ صاحب رکن الدین ، مہتمم جامعہ مولانا مقبول صاحب کوبٹے ، رکن شوری مولانا عبد المتین صاحب منیری ، مشرف مکاتب مولانا افضل صاحب شاہ بندری ،صدر انجمن حامی مسلمین جناب قاضیا یونس صاحب وغیرہ نے اپنے تاثرات کا اظہار فرمایا جبکہ پروگرام کے اختتام پر مولانا قیس (صدر مدرس، مکتب جامعہ کارگدے) نے شکریہ کلمات پیش کرتے ہوئے تمام شرکاء، مہمانان اور معاونین کا دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات کی امید ظاہر کی کہ یہ لائبریری آنے والی نسلوں کی علمی و اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کو بچوں کے حق میں خیر وبرکت اور علم وعمل میں ترقی کا ذریعہ بنائے ۔
رپورٹ: مکتب جامعہ کارگدے بھٹکل
